نڈا تریپورہ کے دو روزہ دورے پر پہنچے
اگرتلہ، اگست۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جے پی نڈا ریاست اور مختلف اکائیوں میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی کو مضبوط بنانے کے مقصد سے تریپورہ کے دو روزہ دورے پر اتوار کی صبح یہاں پہنچے۔ یہاں پہنچنے کے فوراً بعد مسٹر نڈا نے پارٹی لیڈروں کے ساتھ وزیر اعظم کے ‘من کی بات’ پروگرام میں حصہ لیا، جس کے بعد پارٹی کے نو منتخب ریاستی صدر راجیو بھٹاچاریہ اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا کے ساتھ ابتدائی بات چیت کی۔ایم بی بی ہوائی اڈے پر مسٹر بھٹاچاریہ، ساہا اور دیگر پارٹی لیڈروں نے ان کا استقبال کیا۔ وہ ریاستی کور کمیٹی کے اراکین کے ساتھ میٹنگ کرنے سے پہلے رات کو بی جے پی حکومت میں اتحادی آئی پی ایف ٹی کے لیڈروں کے ساتھ بھی میٹنگ کریں گےمسٹر نڈا پیر کو کھملنگ میں تریپورہ قبائلی علاقہ جات خود مختار ضلع (اے ڈی سی) ہیڈکوارٹر میں شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے پردیوت کشور دیو ورمن کو چیلنج کرنے کے لیے ایک بڑی ریلی سے خطاب کریں گے، جن کی پارٹی تریپورہ موتھا اے ڈی سی پر حکومت کر رہی ہے۔بی جے پی کے ریاستی صدر بھٹاچاریہ نے میڈیا کو بتایا کہ بی جے پی وزیر اعظم مودی کی طرف سے دکھائی گئی ترقی کی جامع سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر نڈا کا جلسہ تاریخی ہوگا جس میں بڑی تعداد میں قبائلی لوگ شامل ہوں گے، ہم ٹپرا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ جس طرح سے دوسری پارٹیوں خاص کر بی جے پی کے کارکنوں کو ہراساں کر رہے ہیں وہ قابل قبول نہیں ہے، قبائلی عوام میں بی جے پی کی مقبولیت کو پیش کریں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ٹپرا اتحاد کے نام پر تشدد اور حملہ کے ذریعے ریاست کے اتحاد کو تباہ کر رہی ہے جس کی بی جے پی اجازت نہیں دے گی۔اس سے قبل راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت بھی ریاست کے دو روزہ دورے پر گئے تھے اور انہوں نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے شاہی محل میں پرادیوت کی ماں ویبھو کماری دیوی سے ملاقات کی تھی۔ تاہم مسٹر نڈا کے اس دورے کو بی جے پی کی جانب سے ریاست میں پانچ ماہ بعد ہونے والے آئندہ انتخابات کے لیے انتخابی مہم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔