ای ڈی نے راہل کو اب 13 جون کو طلب کیا
نئی دہلی، جون ۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے نیشنل ہیرالڈ معاملے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو پوچھ گچھ کے لیے اب 13 جون کو طلب کیا ہے۔انہیں اس معاملے میں اپنا کیس پیش کرنے کے لئے پہلے 8 جون کو بلایا گیا تھا لیکن انہوں نے بیرون ملک ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے ای ڈی سے اس کے لئے نئی تاریخ دینے کی درخواست کی تھی۔ذرائع نے یہاں بتایا کہ مسٹر گاندھی کو اس معاملے میں پوچھ گچھ کے لئے تازہ سمن جاری کیا گیا ہے اور اب انہیں اپنا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے 13 جون کو ای ڈی کے دفتر بلایا گیا ہے۔اس سے پہلے ای ڈی نے اس واقعہ کی جانچ کے سلسلے میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کو 8 جون اور مسٹر گاندھی کو 2 جون کو طلب کیا تھا۔ذرائع کے مطابق مسٹر گاندھی کی جانب سے ای ڈی کو بتایا گیا کہ وہ دہلی میں نہیں ہیں، جس کے بعد انہیں نئی تاریخ پر طلب کرنے کے لیے سمن جاری کیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ مسز گاندھی اس وقت کورونا وائرس سے متاثر بتائی جاتی ہیں اور وہ ان دنوں قرنطینہ میں ہیں۔کانگریس نے ای ڈی کی کارروائی کو سیاست سے متاثر اور اپوزیشن جماعتوں کی آواز کو دبانے کے حکومتی منصوبے کا حصہ قرار دیا ہے۔ کانگریس نے مزید کہا کہ مسز گاندھی اور مسٹر گاندھی اس سے خوفزدہ نہیں ہیں اور تحقیقات میں شامل ہوں گے۔