کوند کی مگھر آمد، یوگی نے لیا تیاریوں کا جائزہ
سنت کبیر نگر:مئی۔اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کو صوفی سنت کبیر داس کے کام کی سرزمین مگھر پر صدرجمہوریہ رام ناتھ کوند کی پانچ جون کو آمد کے پیش نظر پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے کبیر چورا احاطے کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو وقت رہتے ہی سبھی کام پورے کئے جانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سنت کبیر داس کی سمدھی پرجاکر گلپوشی کی اور بعد میں صدرجمہوریہ کے یہاں آنے کے سلسلے میں ہورہی تیاریوں کی جانکاری لی۔ یوگی نے کہا ’صدر جمہوریہ کی سنت کبیر نگر میں آمد بہت اہم اور خوش قسمتی کی بات ہے۔ ان کے پروگرام میں کسی بھی سطح پر کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ ہمیں صدر کا شاندار استقبال کرنا ہے‘۔ یوگی نے کہا کہ کام کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جانا چاہئے۔ سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ ضرورت پڑنے پر روٹ ڈائیورزن کیا جائے۔ پروگرام میں آنے والے لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ صدر مملکت کے طے کردہ پروگرام کے مطابق انتظامات مکمل کیے جائیں۔اس دوران ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دبیامتل نے پانچ جون کے پروگرام کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کیا۔5 جون کو صدر جمہوریہ سنت کبیر کے جائے سمادھی مگھر تشریف لائیں گے اور سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے ساتھ یہاں سنت کبیر اکیڈمی اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کریں گے۔