چیتشور پجارا فیملی کے ساتھ پیرس میں چھٹیاں گزار رہے ہیں
پیرس، مئی۔ کاؤنٹی کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے بلے باز چیتشور پجارا فی الحال اپنے خاندان کے ساتھ پیرس میں چھٹیاں گزار رہے ہیں۔پجارا کو کاؤنٹی کرکٹ میں ان کی شاندار کارکردگی پر یہ ایوارڈ ملا ہے۔ پجارا انگلینڈ کے دورے کے لیے منتخب کی گئی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ سسیکس کاؤنٹی کلب کے لیے کھیلتے ہوئے پجارا نے چار میچوں میں دو سنچریاں اور دو ڈبل سنچریاں اسکور کی تھیں۔کاؤنٹی کرکٹ ختم ہونے کے بعد، پجارااپنی اہلیہ پوجا اور بیٹی ادیتی کے ساتھ چھٹیاں گزارنے ان دنوں پیرس پہنچے ہوئے ہیں۔ چیتشور پجارا نے ملک کے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم، کو ایپ پر اپنے خاندان کے ساتھ ایک کے بعد ایک بہت ہی دلچسپ تصاویر شیئر کی ہیں۔ وہ کبھی ایمسٹرڈیم کی نہروں کی لہروں میں کشتی میں بیٹھے نظر آرے ہیں تو کبھی ایفل ٹاور کی سرزمین پرنظر آرہے ہیں۔اس سال فروری میں ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی نیلامی میں فروخت نہ ہونا پجاراکے لئے کسی نعمت سے کم ثابت نہیں ہوا ہے۔ ایک طرف بھارت میں آئی پی ایل 2022 جاری تھا تو دوسری طرف چیتشور پجارا سسیکس کے لیے رن بنانے میں مصروف تھے۔چتیشور کے اس انتہائی کامیاب کاؤنٹی سیزن نے انہیں جولائی میں برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے واحد بچے میچ کے لئے ہندوستانی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی کرنے میں مددکی۔ انگلینڈ جانے سے پہلے چیتشور پجارا کومارچ میں سری لنکا کے خلاف دو میچ کی ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ نہیں ملی تھی۔ سلیکٹرز نے شریاس ائیر جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن کہا جاتا ہے نہ کہ جوہوتا ہے اچھے کے لیے ہوتا ہے۔