کیرالہ میں شدید بارش کے پیش نظر ریڈ،آرینج ،یلو الرٹ ،چیف سکریٹری نے جاری کی ہدایت

ترووننتپورم،مئی۔کیرالہ کے چیف سکریٹری ڈاکٹر وی پی جوئے نے ریاست میں اگلے تین دن شدید بارش کی پیشن گوئی کے بعد یہاں کے مختلف ضلعوں میں ریڈ،آرینج اور یلو الرٹ جاری کئے جانے کے پیش نظر سبھی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو اپنے اپنے ضلعوں میں احتیاطی اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔چیف سکریٹری نے ہفتے کی شام کو بلائی گئی ایک ہنگامی میٹنگ میں کہا،’’ تودے گرنے اور سیلاب کے خدشے والے علاقوں سے لوگوں کو نکالا جانا چاہئے۔ضرورت پڑے تو کیمپ بھی شروع کئے جاسکتے ہیں۔ان علاقوں میں کھانا اور پینے کے پانی سمیت بنیادی سہولیات یقینی بنائی جانی چاہئے۔‘‘ذرائع نے بتایا کہ تودے گرنے اور سیلاب کے خدشے والے علاقوں میں خصوصی الرٹ سسٹم قائم کیا گیا ہے۔ریاست میں کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کررہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ ایرناکلم اور ایڈوکی ضلعوں میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے،جبکہ یہاں کے کچھ پہاڑی علاقوں میں آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے،جہاں کچھ دنوں پہلے شدید بارش ہوئی تھی اور آگے بھی گرج چمک کے ساتھ بوچھاریں پڑنے کا امکان ہے۔تروونتپورم ،تریشور،ملپورم ،کوزیکوڈ اور وائناڈ میں آرینج الرٹ جاری کئے گئے ہیں۔محکمہ موسمیات نے ریاست کے کچھ دیگر ضلعوں میں یلو الرٹ جاری کیا ہے،لیکن نچلے ،ندی کے کنارے اور پہاڑی علاقوں میں تودے گرنے کے خدشے کے پیش نظر انہیں ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے بحیرۂ عرب سے جنوبی جزیرہ نما ہندوستان کی طرف نچلی ٹراپوسفیئر کی سطح پر تیز مغربی ہوا کے بہاؤ کی وجہ سےکیرالہ اور لکشدیپ میں اتوار سے اگلے چار دنوں تک موسلا دھار بارش کی پیشین گوئی کی ہے ۔محکمہ نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ 15 اور 16 مئی کو کیرالہ میں الگ تھلگ مقامات پر شدید بارش (24 گھنٹوں میں 7 سینٹی میٹر سے 11 سینٹی میٹر) سے بہت زیادہ بارش (24 گھنٹے میں 12 سینٹی میٹر سے 20 سینٹی میٹر) کا بہت امکان ہے۔ اس کے علاوہ 17 اور 18 مئی کو یہاں کے مختلف مقامات پر بھاری بارش (24 گھنٹوں میں 7 سینٹی میٹر سے 11 سینٹی میٹر) متوقع ہے اور لکشدیپ جزائر میں 14 مئی کو بارش ہونے کا قوی امکان ہے۔محکمہ نے کہا کہ 15 اور 16 مئی کو کیرالہ میں مختلف مقامات پر 40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں گی اور ساتھ ہی آسمانی بجلی اور گرج چمک کے ساتھ طوفان بھی متوقع ہے۔ 17 اور 18 مئی کو یہاں کئی دیگر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ لکشدیپ میں یہ عمل 15 سے 18 مئی تک جاری رہے گا۔ذرائع نے بتایا کہ "ان علاقوں میں ایک خصوصی الرٹ سسٹم لگایا گیا ہے جہاں خطرے کا امکان سب سے زیادہ ہے”۔ ریاست میں ان علاقوں کے لیے کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال رہیں گے۔اس دوران ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ ہدایات کے مطابق شدید بارش کی صورت میں جگہ بدلنے کے وقت متعلقہ حکام سے رابطہ اور تعاون کرنا ضروری ہے۔بارشوں کے موسم میں سمندری پانی کی سطح بھی بلند ہو جائے گی، اس لیے ساحلی علاقوں کے قریب رہنے والے لوگوں کو زیادہ چوکنا رہنے کو کہا گیا ہے۔ایسے میں جو لوگ کچے گھروں یا کمزور گھروں میں رہتے ہیں، انہیں محفوظ جگہ پر جا کر پناہ لینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔اس دوران نجی اور عوامی مقامات پر خطرے سے دوچار درختوں اور جانوروں کی نسلوں کو تحفظ فراہم کرنے پر بھی خصوصی زور دیا گیا لوگوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ ایمرجنسی کٹس تیار رکھیں۔

 

Related Articles