اوبر ہندوستان میں ڈرائیوروں کی تعداد بڑھا کر 20 لاکھ تک کرے گی
نئی دہلی/سین فرانسسکو، اپریل ۔ امریکی ٹیکسی کمپنی اوبر نے ہندوستان میں ڈرائیوروں کی تعداد کو چار گنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔اوبر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) دارا خوسروشاہی نے منگل کو سین فرانسسکو میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے ساتھ ایک میٹنگ میں کہا کہ موبلٹی سروس فراہم کرنے والی کمپنی ہندوستان میں اپنے ڈرائیور کی تعداد کو چار گناکرنے کے لئے پر یقین ہے۔ کمپنی نے کہا کہ ہندوستان میں ڈرائیوروں کی تعداد کو بڑھا کر 20 لاکھ تک کیا جائے گا۔وزیر خزانہ نے، جو امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں، ہندوستان کے بارے میں اوبر کی اس تجویز سے اتفاق کیا ہے اور کہا ہے کہ ٹیکنالوجی نقل و حمل کے شعبوں کے ساتھ ساتھ رابطے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔اس اعلی سطح کی میٹنگ کے بعد مسٹر خوسرو شاہی نے کہا کہ جیسے جیسے بازار دوبارہ کھل رہے ہیں، فور وہیلر، تین پہیا اور دو پہیا گاڑیوں جیسے مختلف شعبوں میں اس کا کاروبار بہت زیادہ بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوبر کے پلیٹ فارم پر پانچ لاکھ سے زائد ڈرائیور کمائی کر رہے ہیں۔مسٹر شاہی نے مزید کہا کہ ’’ہم بہت پرجوش ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہمارے 2,000 سے زیادہ انجینئر ہندوستا ن میں مصنوعات بنا رہے ہیں، جن کا استعمال ہم پوری دنیا میں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ہنر کی کمی نہیں ہے اور کمپنی جلد سے جلد تقرری کرے گی۔