عالمی یوم صحت پر وزیراعظم نے سرکاری اسکیموں کی ستائش کی
نئی دہلی، اپریل۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو عالمی یوم صحت کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی اور لوگوں کو سستی صحت خدمات مہیا کرانے کے لئے سرکاری اسکیموں کی تعریف کی۔عالمی یوم صحت پر ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے مسٹر مودی نے ٹوئٹر پر سنسکرت کا ایک شلوک شیئر کیا، جس کا مطلب ہے ’اچھی صحت سب سے بڑی نعمت ہے، صحت سب کا ذریعہ ہے‘۔ انہوں نے ٹویٹ کرکے کہا ’’آروگیم پرم بھاگیہم سواستم سروارتھاسادھنم‘۔انہوں نے کہا ’’عالمی یوم صحت مبارک باد۔ ہر کسی کو اچھی صحت اور تندرستی کا آشیرواد ملے۔ آج کا دن صحت کے شعبے سے وابستہ تمام لوگوں سے اظہار تشکر کرنے کا بھی ہے۔ یہ ان کی محنت ہے جس نے ہمارے سیارے کو محفوظ رکھا ہے‘‘۔ اس کے علاوہ آیوشمان بھارت اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت شہریوں کو سستی صحت کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ’’حکومت ہند ملک کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔ ہماری توجہ شہریوں کو اچھے معیار اور سستی صحت خدمات کو یقینی بنانے پر ہے۔ یہ ہر ہندوستانی کے لیے فخر کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں دنیا کی سب سے بڑی صحت کی اسکیم آیوشمان بھارت نافذ ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ جب وہ (مسٹر مودی) پی ایم جن اوشدھی جیسی اسکیموں کے استفادہ کنندگان سے بات چیت کرتے ہیں تو انہیں بہت خوشی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سستی صحت خدمات پر ہماری توجہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے اہم بچت کو یقینی بناتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہم اپنے آیوش نیٹ ورک کو مضبوط کر رہے ہیں تاکہ مجموعی صحت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔مسٹر مودی نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ’’ پچھلے آٹھ سالوں میں میڈیکل ایجوکیشن سیکٹر میں تیزی سے تبدیلی آئی ہے۔ بہت سے نئے میڈیکل کالج کھلے ہیں۔ مقامی زبانوں میں میڈیسن کی تعلیم کو فعال کرنے کی ہماری حکومت کی کوشش سے بے شمار نوجوانوں کو مدد ملی ہے‘‘۔واضح رہے کہ ہر سال 7 اپریل کو عالمی یوم صحت کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ صحت کی اہمیت اور معیار زندگی کے بارے میں بیداری پھیلائی جا سکے۔