وزیر دفاع نے میزائل حملے کے واقعہ پر پارلیمنٹ میں بیان دیا

نئی دہلی، مارچ ۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حالیہ غیر ارادی میزائل فائر اور پاکستان میں گرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ اس واقعہ کو حکومت نے سنجیدگی سے لیا ہے اور اس کی باضابطہ اعلیٰ سطحی انکوائری کرائی جائے گی۔ مسٹر سنگھ نے منگل کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں حادثاتی طور پر 9 مارچ کو میزائل فائر ہونے کے واقعہ پر بیان دیتے ہوئے کہاکہ ‘‘میں اس معزز ایوان کو 9 مارچ 2022 کو پیش آنے والے واقعہ سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔ یہ واقعہ معائنہ کے دوران غیر ارادی طور پر میزائل فائر سے متعلق ہے ۔’’وزیر دفاع نے کہا کہ میزائل یونٹ کی معمول کی دیکھ بھال اور معائنہ کے دوران تقریبا شام سات بجے ایک میزائل غلطی سے داغا گیا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ یہ میزائل پاکستان کی حدود میں گرا۔ یہ واقعہ افسوسناک ہے ۔ لیکن یہ راحت کی بات ہے کہ اس حادثے سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے واقعہ کو سنجیدگی سے لیا ہے اور اس کی باضابطہ اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے ۔ مبینہ حادثے کی اصل وجہ تحقیقات کے بعد معلوم ہوگی۔مسٹر راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ "میں یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ اس واقعہ کے تناظر میں آپریشن، دیکھ بھال اور معائنہ کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ ہم اپنے ہتھیاروں کے نظام کے تحفظ کو سب سے زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔ اگر اس سلسلے میں کوئی خرابی پائی جاتی ہے تو اسے فوری طور پر درست کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ میں ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ ہمارا میزائل سسٹم انتہائی محفوظ اور قابل اعتماد ہے ۔ اس کے علاوہ ہمارے حفاظتی طریقہ کار اور پروٹوکول ایک اعلیٰ معیار کے ہیں اور وقتاً فوقتاً اس کا جائزہ لیا جاتا ہے ۔ ہماری مسلح افواج اچھی تربیت یافتہ اور نظم و ضبط کی حامل ہیں اور اس طرح کے نظام کو برقرار رکھنے کا اچھا تجربہ رکھتی ہیں۔

Related Articles