حکومت یوکرین میں پھنسے طلباء کو بچانے کے منصوبے کا اشتراک کرے: راہل-پرینکا
نئی دہلی، فروری۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور اتر پردیش کی انچارج اورپارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین میں پھنسے ہندوستانی طلباء کو واپس لانے کے اپنے منصوبے کو فوری طور متاثرہ اسٹوڈنٹس اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ شیئر کرے۔مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیا’’یوکرین میں جاری تشدد سے دوچار ہندوستانی طلباء اور ان کے کنبہ کے ممبروں سے میری ہمدردی ہے جنہوں نے یہ ویڈیوز دیکھے ہیں۔ کسی بھی والدین کو اس قسم کی اذیت سے نہیں گزرنا چاہئے۔ ہندوستان کی حکومت پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے اپنے منصوبوں کو فوری طور پر شیئر کرے۔ ہم اپنے پیاروں کو اس طرح نہیں چھوڑ سکتے۔”انہوں نے یوکرین میں پھنسے طالب علموں کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں مشتعل طلبا کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور یوکرین سے باہر نکلنے کے لیے بھاگ رہے ہیں۔مسز واڈرا نے کہا’’ مسٹر نریندر مودی جی اور ڈاکٹر ایس جے شنکر جی، یوکرین سے آنے والے ہندوستانی طلبہ کے ویڈیوز بہت ہی پریشان کن اور دل و دماغ کو جھنجھوڑنے والے ہیں۔ ان بچوں کو ہندوستان واپس لانے کے لیے جو کچھ بھی کرنا پڑے، خدا کے واسطے، وہ کریں۔ پورا ملک ان طلبا و طالبات کے ساتھ ہے۔ آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ جس طرح بھی بن پڑے حکومت ان کو بحفاظت واپس لانے کی کوشش کرے۔”