حکومت یوکرین میں پھنسے 20 ہزار نوجوانوں کو واپس لائے: کانگریس
نئی دہلی، فروری ۔ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں اپنی پارٹی کو جیتنے کے لیے مختلف پروگراموں میں مصروف ہیں، اس لیے یوکرین میں پھنسے ملک کے نوجوانوں کو واپس لانے کے لئے فکر مند نہیں ہے۔کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے جمعرات کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت کو بیدار ہونا چاہیے اور یوکرین میں پھنسے اپنے 20 ہزارنوجوانوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ’’ہر مشکل وقت میں منہ موڑنا اور خاموش رہنا مودی حکومت کی عادت بن گئی ہے۔ 20 ہزار ہندوستانی نوجوان یوکرین میں خوف، اندیشے اور جان لیوا حالات سے دوچار ہیں۔ انہیں وقت پربحفاظت لانے کا انتظام کیوں نہیں کیا گیا؟ کیا یہی خود کفیل مشن ہے؟ مسٹر سرجے والا نے طنز کرتے ہوئے کہا، سچ تویہ ہے کہ بی جے پی حکومت ابھی بھی الیکشن لڑنے میں مصروف ہے۔ وزیر اعظم جی یوکرین میں پھنسے اپنے لوگوں کا خیال رکھنے کے بجائے انتخابی ریلیوں میں ہوا بھر رہے ہیں لیکن ہم اہل وطن آپ سب کی خیریت کے لیے دعاگو ہیں۔