وزیراعظم مودی کووڈ19 کی صورتحال کا جائزہ لیں گے
نئی دہلی، جنوری۔وزیر اعظم نریندر مودی ملک میں کووڈ وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس سے نمٹنے کی تیاریوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر اتوار کی شام ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کریں گے۔ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اجلاس میں وزارت داخلہ، وزارت صحت اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والی اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کووڈ ویکسینیشن، کورونا وبا کے پھیلاؤ سے نمٹنے کی تیاریوں اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لئے جانے کا امکان ہے۔میٹنگ میں 15 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کی کووڈ ویکسینیشن کے لیے ہیلتھ ورکرز، کورونا واریئرز اور بزرگ شہریوں کو اضافی ویکسین دینے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔ بچوں کی ویکسینیشن 3 جنوری سے شروع ہو گئی ہے، جبکہ اہل آبادی کو اضافی کوویڈ ویکسین کل یعنی 10 جنوری سے دی جائے گی۔ خیال رہے اب تک دو کروڑ سے زیادہ بچوں کو کووڈ ویکسین دی جا چکی ہے۔حالیہ دنوں میں ملک میں ہلاکت خیز کورونا وائرس کا پھیلاؤ پھر سے بڑھنے لگا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں جاری ہیں۔تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مجموعی کووڈ ویکسینیشن 151.57 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ملک میں کووڈ مریضوں کی تعداد بڑھ کر پانچ لاکھ 90 ہزار 64 ہو گئی ہے۔ یہ متاثرہ کیسز کا 1.66 فیصد ہے۔ یومیہ کیسز کی شرح 10.21 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔27 ریاستوں میں 3623 لوگ کووڈ کی نئی شکل اومیکرون سے متاثر پائے گئے ہیں، جس میں مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 1009، دہلی میں 513 اور کرناٹک میں 441 کیسز ہیں۔ نئے ویرینٹ اومیکرون وائرس سے 1409 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ دریں اثنا الیکشن کمیشن نے پانچ ریاستوں اتراکھنڈ، اتر پردیش، پنجاب، گوا اور منی پور میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی ڈیوٹی انجام دینے والے تمام اہلکاروں کو کووڈ کی اضافی ویکسین دی جائے گی۔