مودی ہفتے کو رکھیں گے دہلی – دہرادون ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد
نئی دہلی،,دسمبر. وزیراعظم نریندر مودی ہفتے کو دہلی – دہرادون ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور دیگر پروجیکٹوں کا افتتاح بھی کریں گے۔سرکاری ترجمان نے بدھ کو بتایا کہ دہلی – دہرادون اقتصادی راہداری کے مختلف منصوبوں پر 18 ہزار کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ اس ایکسپریس وے کی تعمیر سے دونوں شہروں کے درمیان کی دوری قریب تین گھنٹے کم ہوجائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس میں ایشیا کی سب سے لمبی ایلی ویٹیڈ راہداری بنے گی ۔ دہرادون پہنچنے کےلیے محفوظ فاریسٹ ایریا ہے اور وہاں ہاتھی اور شیروں کا تحفظ ہوتا ہے،اس لئے جنگلی جانوروں کو اس ایکسپریس وے کی وجہ سے کوئی دقت نہ ہو،اس لئے اس پر ایلیویٹیڈ سڑک بنائی جارہی ہے جو ایشیا کی سب سے لمبی ہوگی۔نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی ) دہلی-دہرا دون کے درمیان یہ 210 کلومیٹر طویل ایکسپریس وے تعمیر کر رہی ہے۔ دہلی-سہارنپور-دہرا دون اقتصادی راہداری کے تحت بھارت مالا پریوجنا کے تحت اس منصوبے کی تعمیر کو 2020 میں منظوری دی گئی تھی۔ یہ ایکسپریس وے دہلی کے اکشردھام کو اتراکھنڈ کے دہرادون سے جوڑے گا۔روڈ ٹرانسپورٹ ا ور شاہراہوں کے وزیر نیتن گڈکری نے 26 فروری 2021 کو اس پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ پروجیکٹ کو چار مراحل میں 2024 تک پورا کیا جانا ہے اور اسے ای پی سی یعنی انجینئرنگ ،خرید اور تعمیری ماڈل پر تیار کیا جارہا ہے۔ایکسپریس وے سے روڑکی اور ہریدوار کو بھی جوڑا جائے گا اور اس کے لئے 45 کلومیٹر لمبے لنک روڈ کی تجویز ہے۔