نوجوت سنگھ سدھو نے کرتار پور راہداری پار کرتے ہی عمران خان کو اپنا بڑا بھائی بتایا

ڈیرہ بابا نانک (گرداسپور)، نومبر۔پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو اپنا بڑا بھائی کہہ کر ایک بار پھر تنازعہ میں گھر گئے ہیں۔مسٹر سدھو آج صبح یہاں پہنچے اور رسمی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد کرتارپور کوریڈور کے ذریعے گوردوارہ کرتارپور صاحب کے لیے روانہ ہوئے، اس دوران وزیر اعظم عمران خان کے ایک نمائندے نے ان کا استقبال کیا۔ اس دوران مسٹر سدھو نے عمران خان کو اپنا بڑا بھائی قرار دیا اور کہا کہ انہیں یہاں آ کر ہمیشہ بہت پیار ملا ہے۔ کوریڈور میں داخل ہونے سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راہداری کھل گئی ہے اور بے شمار امکانات بھی کھلے ہیں۔ وہ وہاں پنجاب کی ترقی کی نئی راہ پر بات کریں گے۔ انہوں نے راہداری کھولنے اور زرعی قانون کو واپس لینے کے مرکزی حکومت کے فیصلوں کا خیر مقدم کیا۔ ان کے ساتھ کابینہ کے وزراء پرگت سنگھ، ارونا چودھری، امریندر سنگھ راجہ وڈنگ، ایم ایل اے کلبیر سنگھ زیرا، پارٹی امور کے ریاستی انچارج ہریش چودھری، ریاستی ورکنگ صدر کلجیت ناگرا اور پون گوئل بھی تھے۔پچھلی بار جب مسٹر سدھو پاکستان گئے تھے، وہ کرتارپور کوریڈور کھولنے کے معاملے پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل باجوہ سے گلے ملنے کے بعد تنازعات میں گھر گئے تھے۔ یہاں ان کی سخت مخالفت ہوئی تھی ۔اس سے پہلے 18 نومبر کو وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی کے جتھے کے ساتھ مسٹر سدھو کو جانے کی اجازت نہیں ملی تھی۔ انہیں صرف 20 نومبر کو کرتارپور صاحب جانے کی اجازت حاصل کر پائے۔

Related Articles