مودی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کے لیے گلاسگو پہنچے

گلاسگو (یو کے) ۔ نومبر۔ وزیر اعظم نریندر مودی موسمیاتی تبدیلی پراقوام متحدہ کی جنرل کانفرنس سی او پی – 26 میں شرکت کے لیے گلاسگو پہنچ گئے ہیں۔مسٹر مودی نےایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ سی او پی 26 میں شرکت کے لیے گلاسگو پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کو کم کرنے کے لیے عالمی رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں اور اس سمت میں ہندوستان کی جانب سے کی جا رہی کوششوں کوکانفرنس میں پیش کریں گے ۔ مسٹر مودی دو دن تک (پیر اور منگل) گلاسگو میں قیام کریں گے۔ وزیر اعظم کا گلاسگو میں ہوٹل پہنچنے پر وہاں موجود ہندوستانی برادری کے نمائندوں نے گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیا ۔ برطانیہ کی قیادت میں سی اوپی 26 اتوار (31 اکتوبر) کو شروع ہوئی اور 12 نومبر تک جاری رہے گی ۔ اس کے لیے عالمی رہنماؤں کا یہاں آنا شروع ہو گیا ہے ۔ مسٹر مودی روم میں جی 20 چوٹی اجلاس میں شرکت کے بعد وہاں سے سیدھے گلاسگو پہنچے ہیں۔دریں اثنا جنگلات، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر بھوپیندر یادو نے کانفرنس میں اپنا بیان دیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ میں اس کی معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلی کے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہر سال ایک سو ارب ڈالر کا مالی تعاون کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرنے میں ابھی بھی ناکام ہیں۔مسٹر یادو نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک اس عزم کو پورا کرنے میں دلچسپی نہیں دیکھا رہے ہیں ۔ اس دوران برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے روم میں کہا کہ اگر گلاسگو کانفرنس کامیاب نہ ہوئی، تو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی تمام کوششیں خاک میں مل جائیں گی ۔ مسٹر مودی نے جی 20 اور موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کے لیے نئی دہلی سے روانگی سے قبل اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنی طرف سے پوری عزم کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان یہ بھی چاہتا ہے کہ کاربن اکانومی (کوئلے کے استعمال) کے لیے ہندوستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو ابھی مناسب جگہ ملنی چاہیے۔

Related Articles