کسان مخالف یوگی حکومت کی پالیسی اور نیت میں کھوٹ:پرینکا
لکھنئو، اکتوبر ۔کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کھاد کے بحران کی آڑ میں اتر پردیش حکومت پرنشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ کسان مخالف رویہ اختیارکرنے والی یوگی حکومت کی نیت اور پالیسی دونوں میں کھوٹ ہے۔محترمہ واڈرا نے جمعرات کو ٹویٹ کیا، ’’ کسان محنت کرکے فصل تیار کرے تو فصل کی قیمت نہیں ۔ اگر کسان فصل اگانے کی تیاری کرے تو کھاد نہیں۔ کھاد نہ ملنے کےسبب بندیل کھنڈ کے دو کسانوں کی موت ہوچکی ہے، لیکن کسان مخالف بی جے پی حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ ان کی نیت اور پالیسی دونوں میں کسان مخالف رویہ ہے۔‘‘اس سے پہلے بدھ کو بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) مایاوتی نے بھی کھاد کے بحران پر حکومت کو گھیرا۔ قابل ذکر ہے کہ ریاست میں فوری طور پر کھاد کے بحران کے تعلق سے بندیل کھنڈ سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کسان کھاد کے لیے گھنٹوں لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں۔ اس دوران للت پور سمیت دو مقامات پر کسانوں کی جانیں چلی گئیں۔