جنرل راوت ، جنرل نرونے کا شہیدوں کو خراج عقیدت

نئی دہلی، اکتوبر۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور آرمی چیف جنرل منوج مکند نرونے نے 75 ویں انفینٹری ڈے کے موقع پر آج یہاں نیشنل وار میموریل میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی ایک ٹویٹ پیغام میں انفینٹری کے جوانوں اور افسران کو مبارکباد دی ہے۔مسٹر سنگھ نے اپنے پیغام میں کہا،’انفینٹری ڈے پر ہمارے بہادروں کو مبارکباد اور نیک خواہشات۔ وہ غیر معمولی جرات اور بہادری کا مظہر ہیں۔ قوم ان کی خدمات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے‘۔جنرل راوت، جنرل نرونے اور انفنٹری کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر سینئر فوجی افسران نے بدھ کو یہاں انڈیا گیٹ پر واقع نیشنل وار میموریل پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انفینٹری ڈے ہر سال 27 اکتوبر کو فوج کی سکھ رجمنٹ کی انفینٹری بٹالین کی طرف سے آزادی کے بعد جموں و کشمیر میں دراندازوں کو بے دخل کرنے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ ان قبائلیوں نے پاکستانی فوج کی مدد اور اکسانے پر حملہ کرکے جموں و کشمیر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی لیکن جموں و کشمیر کے اس وقت کے راجہ ہری سنگھ نے ہندوستان کے ساتھ معاہدہ کیا اور 24 اکتوبر 1947 کو مدد طلب کی۔ اس کے بعد فوج نے ان قبائلیوں کو کھدیڑ دیا تھا۔ تب سے ہر سال 27 اکتوبر کو انفینٹری ڈے منایا جاتا ہے۔

Related Articles