راج ناتھ نے سمیلیٹر سے تیجس میں اڑان بھری
نئی دہلی، اکتوبر ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج دیسی ساختہ ہلکے جنگی طیارے تیجس میں سمیلیٹر کے ذریعے پرواز کا تجربہ کیا اور کہا کہ یہ حیرت انگیز تھا۔ مسٹر سنگھ ان دنوں دو روزہ بنگلور کے دورے پر ہیں۔ آج انہوں نے ایروناٹیکل ڈویلپمنٹ اسٹیبلشمنٹ (اے ڈی اے) کا دورہ کیا۔اس اسٹیبلشمنٹ میں وہ تیجس ہوائی جہاز کے سمیلیٹر میں بیٹھے اور طیارے کے اڑنے کا تجربہ کیا۔بعد میں انہوں نے ٹویٹ کیا کہ "بنگلورو کے ایروناٹیکل ڈویلپمنٹ اسٹیبلشمنٹ (اے ڈی اے) میں ایل ایس اے تیجس سمیلیٹر کو اڑانے کا شاندار تجربہ۔ ٹویٹ کے ساتھ انہوں نے اپنے تجربے کی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں وہ سمیلیٹر کے کاک پٹ میں بیٹھے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ اس کے ساتھ ایک پائلٹ بھی ہے جس کے ہاتھ میں سمیلیٹر کا کنٹرول کمانڈ ہے۔ سمیلیٹر کا ڈسپلے ہوائی جہاز کی اونچائی اور دیگر ڈیٹا کو ظاہر کرتا ہے۔یہ اسٹیبلشمنٹ مسلح افواج کے لیے بغیر پائلٹ طیارے اور دیگر فضائی نظام تیار کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔