ان کیلئے آواز نہیں اْٹھاؤں گا جن کے باپ طاقتور ہیں: اسد الدین اویسی
دہلی،اکتوبر۔آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے نام لیے بغیر بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان پر تنقید کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق منشیات کیس میں بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری سے متعلق بیان دیتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا کہ وہ ان ’بے زبان مسلمانوں‘ کے لیے آواز اٹھائیں گے جو جیلوں میں بند ہیں۔اسد الدین اویسی نے اپنے بیان میں شاہ رخ خان کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ ان کے لیے آواز نہیں اْٹھائیں گے جن کے باپ طاقتور ہیں۔اْنہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ یوپی جیلوں میں قیدیوں میں سے کم از کم 27 فیصد مسلمان ہیں، ان کے لیے کون بولے گا؟واضح رہے کہ بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی پہلے تردید کرتے رہے تاہم انہوں نے بعد میں اعتراف جرم کرلیا تھا۔