قاتلانہ حملے میں معذور کے مقدمہ میں دو ملزمان کو عمر قید
پرتاپ گڑھ اکتوبر ۔ اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے ایڈیشنل سیشن جج سنتوش کمار تیواری کی عدالت نے قاتلانہ حملے میں معذور ہوئے شخص کے مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے خاطی ثابت ہونے پر دو ملزمان کو عمر قید و جرمانہ کی سزا سنائی ہے ۔استغاثہ کے بموجب مدعی تربھون ناتھ اپادھیائے ساکن سون پور نے تھانہ آس پور دیوسرہ میں 6 دسمبر 2002 کو شکایت دے کر الزام عائد کیا کہ وہ صبح گاوں کے کالی سہائے کا چھپر اٹھوانے کے بعد گھر آرہا تھا کہ راستہ میں گھات لگائے بیٹھے نیتو عرف شچیندر و توتے عرف وملیش نے طمنچہ سے فائرنگ شروع کر دی ،جس سے گولی لگنے کے سبب وہ زخمی و معذور ہوگیا۔ پولیس نے شکایت پر دونوں ملزمان کے خلاف سنگین دفعات میں کیس درج کر فرد جرم عدالت میں داخل کیا ۔ عدالت نے دوشنبہ کو مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے وکلاء کے استدلال سننے کے بعد خاطی ثابت ہونے کے سبب دونوں ملزمان کو عمر قید و 25-25 ہزار روپیہ جرمانہ کی سزا سنائی اور جرمانہ کی نصف رقم مدعی مقدمہ کو دینے کا حکم دیا ۔استغاثہ کی جانب سے پیروی اے ڈی جی سی رویندر بہادر سنگھ نے کی ۔