نو تعمیر شدہ پرگتی میدان میں جی-20 کی چوٹی کانفرنس 2023 منعقد ہوگی: پیوش گوئل

نئی دہلی ، اکتوبر ۔ ہندوستان دارالحکومت دہلی کے نو تعمیر شدہ پرگتی میدان میں دنیا کی ٹاپ 20 معیشتوں کے گروپ جی- 20 کے 2023 سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے آج یہ اطلاع دی۔ہندوستان پہلی بار جی- 20 کے سربراہان کے اجلاس کی میزبانی کرنے جا رہا ہے۔ اس وقت پرگتی میدان میں نئی ​​تعمیر کا کام جاری ہے۔ وہاں نو تعمیر شدہ نمائشی ہال 2 سے 5 کا آج افتتاح کیا گیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر گوئل نے بتایا کہ دارالحکومت میں پرگتی میدان کو دوبارہ تیار کیا جارہا ہے جہاں 2023 میں جی- 20 سربراہی کانفرنس کی میزبانی کی جائے گی۔جی- 20 میں ارجنٹائنا ، آسٹریلیا ، برازیل ، کناڈا ، چین ، یورپی یونین ، فرانس ، جرمنی ، ہندوستان، انڈونیشیا ، اٹلی ، جاپان ، میکسیکو ، روس ، سعودی عرب ، جنوبی افریقہ ، جنوبی کوریا ، ترکی ، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔ جی- 20 معیشتیں عالمی معیشت میں 80 فیصد اور بین الاقوامی تجارت میں 75-80 فیصد سے زیادہ حصہ دار ہیں۔وزارت خارجہ نے 7 ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ ہندوستان 2023 میں جی 20 کی میزبانی کرے گا۔ مسٹر گوئل کو اس کے لیے ہندوستان کا شیرپا بنایا گیا ہے۔ وہ جی 20 وزرائے تجارت کانفرنس میں شرکت کے لیے اٹلی گئے تھے۔ ہندوستان 1999 میں قیام کے بعد سے جی- 20 کا رکن رہا ہے اور یکم دسمبر 2022 کو پہلی بار جی- 20 کی صدارت سنبھالے گا۔

Related Articles