جھولن گوسوامی عالمی نمبردو ون ڈے گیندباز بنیں
دبئی، ستمبر۔تجربہ کار ہندوستانی تیز گیند باز جھولن گوسوامی اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں شاندار کارکردگی کی بدولت عالمی نمبر دو ون ڈے گیندباز بن گئی ہیں۔ گوسوامی تیسرے ون ڈے میں 10 اوورز میں 37 رنز دے کر تین وکٹ لینے کی کارکردگی سے دومقامات کے فائدے کے ساتھ آئی سی سی کی جانب سے منگل کو جاری ویمن ون ڈے رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ گواسوامی کوآل راونڈرس رینکنگ میں بھی فائدہ ہوا ہے اوروہ دسویں مقام پر آگئی ہیں۔ اس درمیان ہندوستانی کپتان متھالی راج بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن سے پھسل کر تیسری پوزیشن پر آگئی ہیں۔ ان کی جگہ جنوبی افریقہ کی لیزیل لی نے پہلے نمبرپر قبضہ کیا ہے، جبکہ آسٹریلیا کی ایلیسا ہیلی نے ہندوستان کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی کی وجہ سے دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ ہندوستانی سلامی بلے باز اسمرتی مندھاناکو بھی رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بالترتیب 16، 86 اور 22 رنز بنانے کے بعد وہ ایک مقام کے فائدے سئ چھٹے نمبر پر آگئی ہیں۔ دیگرآسٹریلوی بیٹسمین بیتھ مونی اور آل راؤنڈر ایشلے گارڈنر کو بھی رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے۔ مونی ہندوستان کے خلاف حال ہی میں اختتام پذیر ون ڈے سیریز میں دواننگز میں 177 رن کی بدولت آٹھ مقامات کے فائدے سے بلے بازوں کی فہرست میں آٹھویں، جبکہ گارڈنر شاندار آل راونڈرمظاہرے کے سبب آلراونڈر رینکنگ میں دسویں سے چھٹے نمبرپرآگئی ہیں۔۔ ایلیسے پیری تاہم آل راؤنڈر رینکنگ میں ایک بھی وکٹ نہ لینے والے مایوس کن مظاہرے کی وجہ سے آل راونڈر رینکنگ میں دو درجے کی تنزلی کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آگئی ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ماریزن کیپ نے ان کی جگہ پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس درمیان انگلینڈ کی گیندبازوں انیا شربسول اور کیٹ کراس کو حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف 4-1 سے سیریز جیتنے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرے کرنے کے سبب رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے۔ شربسول جہاں آخری دو ون ڈے میچوں میں تین وکٹوں کے ساتھ چار مقام کی چھلانگ سے نویں، وہیں کیٹ کراس پانچویں اور آخری ون ڈے میں تین وکٹ لینے کی وجہ سے پانچ مقامات کی چھلانگ کے ساتھ دسویں مقام پر آگئی ہیں۔