نوجوت سدھو نے پنجاب کانگریس صدر کا عہدہ چھوڑ دیا

چنڈی گڑھ، ستمبر۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی کے کابینہ میں وزراء کے اعلان کے تھوڑی دیر کے بعد پنجاب ریاستی کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ مسٹر سدھو نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو خط بھیج کر پنجاب ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا لیکن یہ بھی کہا کہ وہ کانگریس پارٹی کی خدمت کرتے رہیں گے۔ پنجاب کی سیاست میں ہلچل پیدا کرنے والے مسٹر سدھو نے اس خط میں کہا،’سمجھوتہ کرنے سے انسان کے اخلاق کا زوال ہوتا ہے اور وہ پنجاب کے مستقبل اور پنجاب کی بھلائی کے ایجنڈے کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کر سکتے لہٰذا وہ پنجاب ریاستی کانگریس کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ لیکن وہ پارٹی کے لیے کام کرتے رہیں گے‘۔ قابل ذکر کہ چرنجیت سنگھ چنی کے وزراء کے محکموں کا آج اعلان کیا گیا ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ وزراء کے محکموں کے اختصاص میں رائے مشورہ نہ کیے جانے سے مسٹر سدھو ناراض ہیں۔ اس درمیان دہلی میں ایک دلچسپ واقعہ میں مسٹر سدھوکے سیاسی داؤ ں پیچ سے ناراض ہو کر وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے والے کیپٹن امریندر سنگھ نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ حالانکہ ان کے پی اے روین ٹھکرال نے ان قیاس آرائیوں سے انکار کیا ہے اور کہا کہ کیپٹن سنگھ، دہلی کے ذاتی دورے پر ہیں۔ اس دوران وہ اپنے کچھ دوستوں سے ملیں گے اور نئے وزیراعلیٰ کے لیے کپورتھلا ہاؤس بھی خالی کریں گے۔ اس پر کسی بھی طرح کے قیاس لگانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

Related Articles