شیوراج سنبل یوجنا کے تحت 14475 مزدوروں کومعاوضہ کی رقم دیں گے
بھوپال ، ستمبر۔مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان 27 ستمبر کو کھرگون ضلع کے جھرنیا سے ، مکھیہ منتری جن کلیان سنبل یوجنا اور تعمیراتی مزدوروں کے لیے ایکس گریشیا امدادی اسکیم کے تحت 14475 مزدوروں کے کھاتوں میں 321 کروڑ 35 لاکھ روپے کی معاوضہ کی رقم سنگل کلک کے ذریعے ٹرانسفر کریں گے۔منتقل کی جانے والی رقم میں سنبل یوجنا کے 13 ہزار 769 معاملوں میں 307 کروڑ 23 لاکھ روپے اور تعمیراتی مزدوروں کو ایکس گریشیا کی رقم کے 706 معاملات میں 14 کروڑ 12 لاکھ روپے کی رقم شامل ہے۔ مسٹر چوہان کی جانب سے 4 مئی ، 2021 کو مکھیہ منتری جن کلیان سنبل یوجنا کے تحت ، غیر منظم شعبے کے 16 ہزار 844 مزدور خاندانوں کو مزدور کی موت پر امداد کے طور پر 379 کروڑ روپے کی ایکس گریشیا رقم سنگل کلک سے منتقل کی گئی ہے۔وزیر محنت برجیندر پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ مدھیہ پردیش بلڈنگ اور دیگر کنسٹرکشن ورکرز ویلفیئر بورڈ اور مدھیہ پردیش شہری اور دیہی غیر منظم ورکرز ویلفیئر بورڈ کی جانب سے ریاست کے غیر منظم شعبے میں کام کرنے والے مزدوروں اور ان کے خاندانوں کے لیے پیدائش سے موت تک کئی اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکس گریشیا امدادی اسکیم کے تحت بورڈ فطری موت پر 2 لاکھ روپے ، حادثاتی موت پر 4 لاکھ روپے ، جزوی مستقل معذوری پر ایک لاکھ روپے اور مستقل معذوری پر 2 لاکھ روپے کی امداد فراہم کی جاتی ہے۔