گیم آف تھرونز کی ایڈیٹر کو شیرنی نے موت کے گھاٹ اتار دیا
عینی شاہد خاتون نے دل دہلا دینے والی کہانی سنادی
نیویارک،۲؍ستمبرمعروف سیریز گیم آف تھرونز کی ایک ایڈیٹر کو 2015ء میں سفاری پارک کی سیر کرتے ہوئے ایک شیرنی نے حملہ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ اب ایک عینی شاہد خاتون نے ایسی بات کہہ دی ہے کہ سن کر ہی آدمی وحشت زدہ رہ جائے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق نیویارک کی رہائشی 29سالہ ایڈیٹر کا نام کیتھرین شیپل تھا۔ وہ 2015ء میں جنوبی افریقہ کے ایک سفاری پارک میں تھی۔ وہ اپنی گاڑی میں تھی، جس کی کھڑکی کا شیشہ کھلا تھا اور اس شیشے میں سے شیرنی اس پر حملہ آور ہو گئی۔رپورٹ کے مطابق 66سالہ عینی شاہد خاتون پیئری پوٹگیٹر نے بتایا ہے کہ ’’ہماری گاڑی کیتھرین کی گاڑی کے پیچھے تھی اور ہم نے یہ خوفناک واقعہ اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ میرے 38سالہ بیٹے بین گوینڈر نے اپنے کیمرے سے اس واقعے کی ویڈیو بھی بنائی۔ جب شیرنی کیتھرین کو نوچنے کے بعد واپس مڑی تو اس کے منہ سے خون ٹپک رہا تھا۔جب تک رینجرز وہاں پہنچے، تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ ان کے آنے پر دو شیر فوراً وہاں سے بھاگ گئے۔ شیرنی کو بھگانے کے لیے رینجرز نے فائر کیا اور جب وہ گاڑی کی کھڑکی سے واپس مڑی تو اس کے منہ میں کیتھرین کے جسم کا ایک ٹکڑا تھا اور اس کے منہ سے کیتھرین کاخون ٹپک رہا تھا۔‘‘