کورونا کے ایکٹو کیسز سے پانچ گنا زائد کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد

نئی دہلی، ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 93،420 کورونا سے متاثرہ مریضوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی ایک اچھی خبر یہ بھی ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کووڈ 19 انفیکشن کے ایکٹو کیسز کے مقابلے میں کورونا انفیکشن سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد پانچ گنا زیادہ ہو گئی ہے ۔
مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی بہبود نے ہفتے کے روز بتایا کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد اب بڑھ کر 48،49،584 ہوگئی ہے جبکہ ملک میں کورونا کے مجموعی ایکٹو کیسز 9،60،969 ہیں۔
وزارت نے ہفتے کے روز کہا کہ مرکزی حکومت کی ٹیسٹ ، ٹریک ، ٹریٹ کی حکمت عملی کی وجہ سے کورونا کے خلاف جنگ میں حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام علاقوں کی سرکاریں بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹ کر رہی ہیں ، جس سے پازیٹو کیسز کا جلدی پتہ لگایا جا رہا ہے ۔ اس سے پازیٹو افراد کے رابطے میں آئے لوگوں کی ٹریکنگ اور سرولانس موثر طریقے سے ہو پاتا ہے ۔ جس سے انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔
مرکزی حکومت نے اس کےعلاوہ ہوم آئیسولیشن میں رہنے والے اور اسپتال میں داخل کورونا متاثرین کو معیاری اور یکساں علاج مہیا کرانے کی معیاری نگہداشت کا پروٹوکول بھی جاری کیا ہے۔ وقتا فوقتا پروٹوکول کو بھی اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔ مرکزاس کے علاوہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ٹکنالوجی اور مالی امداد کے علاوہ وسائل بھی مہیا کرا رہی ہے تاکہ کورونا کے خلاف لڑائی میں ان کی مدد ہو سکے ۔

Related Articles