کسان اور مزدور مخالف بلوں کے سلسلے میں اپوزیشن کا پارلیمنٹ احاطے میں مارچ
نئی دہلی، اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کی قیادت میں آج متعدد اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین نے کسان مخالف اور مزدور مخالف بلوں کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں گاندھی جی مسجمے سے امبیڈکرجی کے مجسمے تک مارچ نکالا۔
اپوزیشن کے آٹھ اراکین کی معطلی اور زرعی اصلاحات بلوں میں ترمیم کے مطالبے کے سلسلے میں منگل سے ہی کارروائی کا بائیکاٹ کررہی ہے۔ کانگریس کے ساتھ ساتھ ترنمول کانگریس،سماج وادی پارٹی ، لیفٹ پارٹی ، ڈی ایم کے ، آر جے ڈی ، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ، عام آدمی پارٹی ، آئی یو ایم ایل ، جنتا دل ایس جیسی اپوزیشن پارٹیوں کے ممبران اجلاس کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔
قبل ازیں ، ان تمام پارٹیوں کے رہنماؤں نے حکمت عملی کو آگے بڑھانے کے لئے اپوزیشن کے رہنما غلام نبی آزاد کے چیمبر میں ملاقات کی۔ اجلاس کے بعد ، اپوزیشن ممبران نے پارلیمنٹ کمپلیکس میں گاندھی کے مجسمے سے امبیڈکر کے مجسمے تک مارچ نکالا۔
سینئر کانگریسی رہنما جیرام رمیش نے احتجاجی مارچ کی ایک تصویر کو ٹویٹ کیا ، ’’کانگریس کے ممبران اور ہم خیال پارٹیوں نے کسانوں اور مزدور مخالف بلوں کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے پارلیمنٹ کمپلیکس میں گاندھی کے مجسمے سے امبیڈکر کے مجسمے تک مارچ کیا۔ یہ بل مودی حکومت کے ذریعہ غیر جمہوری انداز میں منظور کرائے گئے ہیں۔ ‘‘
زرعی اصلاحات سے متعلق دونوں بلوں کا پیر کے روز راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے ممبروں نے سختی سے مخالفت کی ۔ اس دوران ہنگامہ آرائی کی وجہ سے اپوزیشن کے 8 ارکان کو باقی اجلاس کے لئے ایوان سے معطل کردیا گیا۔ ان ممبروں نے گاندھی کے مجسمے کے سامنے ایک دن کے لئے احتجاج کیا۔
مسٹر آزاد نے منگل کو چیئرمین سے ان اراکین کی معطلی واپس لینے کے ساتھ ساتھ حکومت سے زرعی اصلاحات بلوں میں ترمیم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پر یقینی دہانی نہ ملنے کی صورت میں اپوزیشن نے باقی اجلاس کے لئے کارروائی کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔