زرعی بلوں کے مخالفت کسانوں کی خوشحالی کی مخالفت: شاہ
نئی دہلی،مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے حکومت کے چھ ربیع فصلوں کی کم از کم سہارا قیمت میں اضافہ کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ زرعی اصلاحات بلوں کی مخالفت کرنے والے لوگ اصل میں کسانوں کی خوشحالی اور ان کی پیداوار کی صحیح قیمت کے خلاف ہیں۔
مرکزی کابینہ کے ربیع کی فصلوں کے ایم ایس پی بڑھانے کے فیصلہ کے بعد مسٹر شاہ نے سلسلہ وار ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت کا ہر دن ہر لمحہ کسانوں اور غریبوں کی فلاح وبہبود کے تئیں وقف رہا ہے۔ آج 6ربیع کی فصلوں کا ایم ایس پی بڑھاکر وزیراعظم کی قیادت میں مرکزی حکومت نے اپنے اسی عزم کو پھر سے دہرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے زرعی اصلاحات سے متعلق بلوں کی مخالفت کرنے والے لوگ اصل میں کسانوں کی خوشحالی اور انکی پیداوار کی صحیح قیمت کے خلاف ہیں۔ یہ لوگ نہیں چاہتے کہ ملک کا پیٹ بھرنے والا کسان خوشحال اور طاقتور ہوسکیں لیکن مودی حکومت کسانوں کو انکا حق دیکر رہے گی۔
ایک دیگر ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ کسانوں کو بھڑکا کر اپنی کھوئی ہوئی سیاسی زمین تلاش کررہے ہیں۔ انہوں نے 2009-14تک اقتدار میں رہتے ہوئے کسانوں سے محض 1.25لاکھ میٹرک ٹن ڈال خریدی جبکہ مودی حکومت نے 2014-19میں 76.85لاکھ میٹرک ٹن دال خریدی۔یہ 2962%کا فرق ان کے ڈرامہ اور مودی جی کے عزم کو صاف طورپر پیش کرتا ہے۔
خیال رہے کہ مرکزی کابینہ کی اقتصادی امور کی کمیٹی نے اج ایک اہم فیصلہ میں چھ ربیع کی فصلوں کا ایم ایس پی بڑھائے جانے کی تجویز کو منظوری د ی ہے۔