مودی نے راجستھان کی وندے بھارت ٹرین کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا

جے پور، اپریل۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج راجستھان کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو جھنڈی دکھاکرروانہ کیا۔ مسٹرمودی نے نئی دہلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جے پور ریلوے اسٹیشن سے ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے جے پور ریلوے اسٹیشن پر منعقد پروگرام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر گورنر کلراج مشرا، وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، اپوزیشن لیڈر راجندر راٹھور، اپوزیشن کے ڈپٹی لیڈر ڈاکٹر ستیش پونیا، ایم پی رام چرن بوہرا اور دیا کماری وغیرہ موجود تھے۔وندے بھارت ایکسپریس اجمیر سے دہلی کینٹ کے درمیان کا فاصلہ 5 گھنٹے 15 منٹ میں طے کرے گی۔ اس روٹ پر موجودہ تیز ترین ٹرین شتابدی ایکسپریس ہے جس کا سفر کا وقت اجمیر سے دہلی کینٹ تک 6 گھنٹے 15 منٹ ہے۔ نئی وندے بھارت ایکسپریس اس روٹ پر چلنے والی موجودہ تیز ترین ٹرین سے ایک گھنٹہ تیز ہوگی۔ اجمیر-دہلی کینٹ وندے بھارت ایکسپریس ہائی رائز اوور ہیڈ الیکٹرک (او ایچ ای) لائن پر دنیا کی پہلی سیمی ہائی اسپیڈ مسافر ٹرین ہوگی۔

Related Articles