ہندوستان پوری دنیا کو دکھا رہا ہے ماحولیات تحفظ کی راہ:یوگی

لکھنؤ,اپریل۔ ماحولیات اور قدرت کے تئیں اپنی ذمہ داری کی ادائیگی کا مشورہ دیتے ہوئے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نےکہا کہ ہندوستان پوری دنیا کو ماحولیات تحفظ کی راہ دکھانے کا کام کررہا ہے۔یوگی نے پیر کو دو روزہ نیشنل کلائمٹ کانکلیو سے خطابت کرتے ہوئے کہا کہ آب وہوا میں تبدیلی آج دنیا کے سامنے بڑا چیلنج بن کر ابھرا ہے۔ ترقی اس وقت کی ضرورت ہے لیکن اس کا مطلب ماحولیات کو نقصان پہنچانا قطعی نہیں ہے۔ انسان نے اپنے مفاد کی تکمیل کے لئے فطرت کا غلط استعمال کر کے جن غلط نتائج کو مدعو کیا ہے آج ہم سب اس کو جھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کے برے اثرات گزشتہ برسوں میں بے وقت ہونے والی شدید بارشوں کی صورت میں دیکھے ہیں۔ ہندوستان کی روایت ہمیشہ ماحول دوست رہی ہے۔ یہ دھرتی ہماری ماں ہے اور ہم سب اس کے بیٹے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان پوری دنیا کو ماحولیاتی تحفظ کا ایک نیا راستہ دکھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ اتر پردیش میں اس سمت میں مسلسل کام ہو رہا ہے۔ جولائی کے مہینے میں ریاست بھر میں 35 کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔ 2017 سے اب تک یوپی میں 133 کروڑ پودے لگانے کا کام ہو چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ریاست کے لوگوں میں ماحولیاتی تحفظ کو لے کر ایک مثبت احساس پیدا ہوا ہے۔ملک بھر سے آئے ہوئے مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دنیا کے قدیم ترین صحیفے ویدوں میں اتھرو وید کا ایک بھجن ہمیں زمین کے تئیں گہری عقیدت سے جوڑنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس کے مطابق زمین ہماری ماں ہے اور ہم سب اس کے بیٹے ہیں۔ پوری جاندار تخلیق میں فطرت کی طرف سے دی گئی ماں کے تئیں ذمہ داری کا فلسفہ موجود ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2017 میں جب ہمیں حکومت بنانے کا موقع ملا تو پہلے سال پانچ کروڑ اور پھر 10 کروڑ پودے لگائے۔ پچھلے 6 سالوں میں یوپی میں 133 کروڑ درخت لگانے کا کام ہوا ہے۔ آج یوپی میں عام شہریوں میں ماحولیات کے تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے۔ آج ہم 100 سال سے زیادہ پرانے درختوں کو وراثتی درختوں کے طور پر تسلیم کر کے محفوظ کر رہے ہیں۔ ریاست میں ایسے بہت سے درخت ہیں، جن کے نیچے بیٹھ کر انقلابیوں نے ملک کی آزادی کی حکمت عملی طے کی۔گورکھ ناتھ مندر میں موجود پرانے آم کے درخت سے جڑی یادوں کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدری ناتھ دھام کے سدھ یوگی سندرناتھ نے 1907 میں گورکھ ناتھ مندر کا دورہ کیا تھا اور وہاں موجود آم کے درخت کے نیچے اس وقت کے مہنت بابا گمبھیر ناتھ سے بات چیت کی تھی۔ وہ درخت اب بھی وہیں ہے اور پھل دیتا ہے۔ اس کے علاوہ 1912 میں بھارت سیوا شرم سنگھ کے بانی سوامی پرانوانند نے بھی اسی درخت کے نیچے بابا گمبھیرناتھ سے دیکچھا لی تھی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں سڑک سے ڈیزل اور پٹرول گاڑیوں کو بتدریج ہٹا کر ای۔ گاڑیوں اور گرین انرجی کو فروغ دینے کا کام کیا جا رہا ہے۔ یوپی آج سب سے زیادہ ایتھنول پیدا کر رہا ہے۔ ریاست میں زراعت کو زہر سے پاک بنانے کا اختراعی کام شروع ہو گیا ہے۔ ہم یوپی میں قدرتی کھیتی کو فروغ دے رہے ہیں۔ گائے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ گائے پر مبنی فارمنگ کے ذریعے زہر سے پاک کھیتی کی مہم شروع کی۔ ہم گنگا کے کنارے 27 اضلاع اور بندیل کھنڈ میں 1.30 لاکھ ہیکٹر میں نامیاتی اور قدرتی کھیتی کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نمامی گنگے پروجیکٹ کے بہت اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔ آج پریاگ راج سے بکسر تک گنگا میں ڈولفن نظر آتی ہیں۔ کانپور میں پہلے 14 کروڑ لیٹرسیور گرتا تھا، آج ایک قطرہ بھی نہیں گر رہا ہے۔ نمامی گنگے پروجیکٹ کی کامیابی 2019 کے پریاگ راج کمبھ کی کامیابی کے پیچھے تھی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست میں 8000 امرت سروور تعمیر کیے گئے ہیں۔ محکمہ جنگلات نے ان جھیلوں کے کنارے کنارے بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کا آغاز کیاہے۔اس دوران مرکزی ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی اور محنت و روزگار کے وزیر بھوپیندر یادو اور یوگی نے بھی کنکلیو میں منعقدہ نمائش کا دیدارکیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں اور ریاست کے وراثتی درختوں پر مبنی کتابچہ جاری کیا۔ اتر پردیش ریاستی موسمیاتی تبدیلی کے علمی مرکز کا بھی افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ ماحولیات کے شعبے میں بہترین کام کرنے والے افراد اور افسران کو بھی اعزاز سے نوازہ گیا۔اس موقع پر مرکزی وزیر بھوپیندر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے عزائم کو پورا کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اترپردیش ہندوستان کی ترقی کا انجن بن رہا ہے۔ یہاں منعقد ہونے والا کلائمیٹ کنکلیو 2023 کا دو روزہ پروگرام ماحولیات کے میدان میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ ریاست میں ماحولیاتی تحفظ کی سمت میں جس تیزی کے ساتھ اہم کام ہوئے ہیں وہ پورے ملک کے لیے مثالی ہے۔

Related Articles