صحت کی نگہداشت کا جامع اور مربوط نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت: دھنکھڑ

نئی دہلی، اپریل ۔ نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے صحت کی نگہداشت کے جامع اور مربوط نقطہ نظر پر زور دیتے ہوئے پیر کے روز کہا کہ صحت مند جسم دنیا اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ضروری ہے۔
یہاں عالمی یوم ہومیوپیتھی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر دھنکھڑ نے کہا کہ سماج میں ایک نیا مسئلہ جنم لے رہا ہے۔ ہر کوئی کشیدگی اور پریشانی کا شکار ہے۔ اس کا حل تلاش کرنا ہو گا۔ جسم کی صحت مندی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر جسم بیمار ہے تو ہنر، ملکہ، قابلیت سب بے معنی ہیں، آپ صحت مند ہونے پر ہی قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ جسم کو صحت مند رکھنے کے لیے ہر شہری کو 24 گھنٹے میں سے ایک گھنٹہ آرام دینا چاہیے۔ لوگ صحت مند ہوں گے تو ہندوستان صحت مند ہوگا۔ ترقی کی رفتار میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند رہنا دنیا اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کوووڈ-19 سے نمٹنے میں ہومیوپیتھی کے کردار کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہومیوپیتھی نے وبائی مرض سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو دنیا کی فارمیسی کہا جاتا ہے اور اس کا سہرا ہندوستان کے معیار، یقین اور عزم کو جاتا ہے۔ہومیو پیتھی کے عالمی دن کے موقع پر سینٹرل کونسل فار ریسرچ ان ہومیوپیتھی نے ایک روزہ سائنسی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس کا تھیم ہومیو پریوار – یونیورسل ہیلتھ، ایک ہیلتھ، ایک فیملی تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آیوش کے وزیر سربانند سونووال نے آیوش نظام ادویات کو فروغ دینے کی پہل کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کے نظام میں تحقیق اور ترقی کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

Related Articles