پینٹنگ شوق سے جنون بن گیا،حیدرآبادی لڑکی کی پینٹنگ لندن کی ہوٹل کی دیوار کی زینت

حیدرآباد، پینٹنگ اس لڑکی کا شوق نہیں بلکہ جنون ہے، کم عمری سے ہی وہ اسکول کے اوقات کے بعد اورفاضل وقت میں اسکول کی بکس وغیرہ پرطرح طرح کی تصاویربنایا کرتی تھی۔ ابتداء میں گھروالوں نے یہ سمجھا کہ بچپن ہے دوسرے بچوں کی طرح یہ بھی تصاویربنارہی ہے، ہوسکتا ہے آگے چل کروہ اسے نظرانداز کردے لیکن اس لڑکی کے والد نے اپنی بیٹی کے اندرچھپی ہوئی خداد داد صلاحیتوں کو پہچان لیا تھا، انھوں نے اپنی بیٹی کی ہرقدم پرنہ صرف رہنمائی کی بلکہ حوصلہ افزائی بھی کی جس کا نتیجہ آج یہ نکلا کہ اس لڑکی کی بنائی گئی تصاویرلندن کی ایک ہوٹل کی دیواروں کی زینت بننے جارہی ہے۔ ہم بات کررہے ہیں حیدرآباد کے مشہورسینئرفوٹوجرنلسٹ عروج احمد ترابی کی دخترسیدہ اشنہ ترابی کی۔ اشنہ ترابی اس وقت دسویں جماعت میں زیرتعلیم ہے۔ پہلی مرتبہ جب انھوں نے تصویربنانی شروع کی تو عروج احمد ترابی نے اپنی بیٹی کی اس صلاحیت کو پہچان لیا اورانھوں نے تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مرضی اپنی بیٹی پرمسلط کرنے کے بجائے حوصلہ افزائی کی۔ پیشہ سے فوٹوگرافراورقدرتی مناظرکو اپنے کیمرے میں قید کرنے کا باکمال ہنررکھنے والے عروج احمد ترابی جنہیں آرٹ سے کافی لگاو ہے نے اپنی بیٹی کے مصوری کا شوق پورا کرنے میں استاد کا رول ادا کیا ہے۔ جب بچوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے تووہ اوربھی کھل کراپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں ٹھیک اسی طرح اشنہ ترابی کا وہ سفرجو انھوں نے انجانے میں چند الٹی سیدھی لکیروں کے ساتھ شروع کیا تھا وہ کینوس پرختم ہوا۔ طالبہ کی خصوصیت یہ ہے کہ انھوں نے تمام پینٹینگس اپنے طورپربنائی ہیں۔ انھوں نے اس کی ٹریننگ وغیرہ حاصل نہیں کی۔ البتہ نامورشاعر شاذ تمکنت کے فرزند فواد تمکنت سے جو مشہورآرٹسٹ ہیں ان سے فون پرمدد رہبری حاصل کرتی ہیں۔ اشنہ ترابی کی تصاویرکو ان کے والد فیس بک پرشیئرکیا کرتے ہیں جس کی ہرطرف سے پذیرائی کی جارہی ہے اوراس دوران حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے تاجرین، جن کی لندن میں ہوٹل ہے انھوں نے رابطہ قائم کرتے ہوئے ان کی ہوٹل کے لئے تصاویربنانے کی خواہش کی۔ اشنہ ترابی نے راتوں کو جاگ کرسخت محنت کے ذریعہ ہوٹل کیلئے شاندارتصاویربنائی ہیں۔ مستقبل میں ان کی تصاویر کی شہرحیدرآباد میں نمائش کا بھی منصوبہ ہے۔

 

Related Articles