ڈاکٹروں نے ہلکی پھلکی ایکسرسائز کی اجازت دے دی ہے، سشمیتا سین

ممبئی،مارچ۔سابق مس یونیورس اور بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین نے کہا ہے کہ انہیں ماہر امراض قلب نے ہارٹ اٹیک کے بعد کلیئر کر دیا ہے اور اب انہوں نے ایکسر سائز شروع کردی ہے۔ کئی ہٹ فلموں میں اپنی شاندار اداکاری سے فلم بینوں کے دل موہ لینے والی 47 سالہ سشمیتا سین نے پرستاروں کو اپنی صحت کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے ایک حالیہ انسٹا گرام پوسٹ میں بتایا کہ انہیں ان کے ڈاکٹروں نے گھر پر چند ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیوں کیلئے کلیئر کر دیا ہے۔ ان کے مطابق دل کے شدید دورے کے چند روز بعد ڈاکٹروں نے انہیں اسٹریچنگ شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے انہیں ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں ان کی انجیوپلاسٹی کرنے کے علاوہ انہیں اسٹنٹ لگائے گئے۔ہولی کے موقع پر سشمیتا سین نے ایک تصویر اپنے انسٹا گرام پر پوسٹ کی ہے جس میں وہ اسٹریچنگ کرتی نظر آرہی ہیں۔واضح رہے کہ 2 مارچ کو سشمیتا سین نے یہ خبر دی تھی کہ انہیں دو روز قبل ہارٹ اٹیک ہوا تھا، انہوں نے ہارٹ اٹیک کے بعد ڈاکٹروں سے درخواست کی تھی کہ ان کی صحت کی کیفیت اور اسپتال میں داخل ہونے کی کسی کو خبر نہ ہو۔انہوں نے بتایا کہ ان کے دل کی ایک مرکزی شریان 95 فیصد بلاک تھی۔

Related Articles