جموں وکشمیر کے کھلاڑیوں کا مستقبل سنوارنے کے لئے بے قرار ہوں: سریش رینا

سری نگر، مشہور ہندوستانی کرکٹر سریش رینا نے کہا ہے کہ میں جموں و کشمیر کے کھلاڑیوں کا مستقبل سنوارنے کے لئے بے قرار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں جموں و کشمیر میں سپورٹس کے لئے ایک پلیٹ فارم بنانے کے لئے مصروف عمل ہوں۔
موصوف کرکٹر جمعے کے روز یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے یہاں راج بھون میں اور بعد ازاں پولیس ہیڈ کوارٹر سری نگر میں پولیس سربراہ دلباغ سنگھ سے ملاقی ہوئے۔
لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ ملاقی ہونے کے بعد اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا: ‘میں بے حد خوش ہوں کہ عزت مآب منوج سنہا صاحب کی مجھے حمایت حاصل ہوئی۔ ان کے ساتھ آج جموں و کشمیر میں سپورٹس کے لئے ایک پلیٹ فارم بنانے کے بارے میں ایک کامیاب میٹنگ ہوئی’۔
سریش رینا نے جموں وکشمیر پولیس کے ایک ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا: ‘میں جموں و کشمیر میں نوجوانوں کا مستقبل سنوارنے کا منتظر ہوں’۔
جموں و کشمیر پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا: ‘مشہور بھارتی کرکٹر شری سریش رینا جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ شری دلباغ سنگھ سے پی ایچ کیو سری نگر میں ملاقی ہوئے اور دونوں کے درمیان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے جموں وکشمیر پولیس کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے (سریش رینا) کچھ کرکٹ ٹیموں کو رضاکارنہ طور پر گائیڈ کرنے اور ان سے ملنے کی خواہش ظاہر کی’۔
قابل ذکر ہے کہ سریش رینا نے سال رواں کے ماہ اگست میں بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
مستعفی ہونے کے بعد انہوں نے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کے نام ایک مکتوب میں یونین ٹریٹری میں کرکٹ کے فروغ کے لئے کام کر کے پسماندہ طبقوں سے وابستہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

Related Articles