بی آر ایس لیڈر غنڈوں کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں: وائی ایس شرمیلا
حیدرآباد،فروری۔وائی ایس آرتلنگانہ پارٹی کی سربراہ وائی ایس شرمیلا نے بی آر ایس لیڈروں پر غنڈوں کی طرح برتاؤ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے حکومت اور حکمران جماعت کے ارکان اسمبلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ ان کی بدعنوانی پر سوال اٹھاتی ہیں تو ان پر حملہ کیاجاتا ہے۔ شرمیلا نے سوال کیا کہ کیا ریاست میں اصل لا اینڈ آرڈر ابھی بھی ہے یا نہیں؟ انہوں نے کانگریس لیڈر پون کی عیادت کی جو اپولو اسپتال سکندرآباد میں زیر علاج ہیں۔ دو دن پہلے ان پر حملہ کیاگیا تھا۔ شرمیلا نے کہا کہ بی آر ایس لیڈر، ان لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو حکمراں جماعت پر سوال اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی کے لئے یہ مناسب نہیں ہے کہ وہ پون پر حملہ کرے۔ شرمیلا نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلی چندرشیکھرراو فوری طور پر عوام اور اپوزیشن سے معافی مانگیں۔