کپتان واسواڈا کی بدولت سوراشٹر فائنل میں
بنگلورو، فروری ۔پہلی اننگ میں کپتان ارپت واسواڈا (202) کی ڈبل سنچری اور شیلڈن جیکسن (160) کی بڑی سنچری کی بدولت سوراشٹر نے اتوار کو رنجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں کرناٹک کو چار وکٹ سے شکست دے کر پانچویں بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔کرناٹک نے پانچویں دن سوراشٹرا کے سامنے 115 رنوں کا ہدف رکھا، جسے سوراشٹرا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔سوراشٹرا کا مقابلہ فائنل میں بنگال سے ہوگا، جو سیمی فائنل میں مدھیہ پردیش کو 306 رنز سے شکست دینے کے بعد آرہا ہے۔سوراشٹرا نے 115 کے معمولی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ابتدائی وکٹیں جلد گنوا دیں، جس نے مقابلہ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ واسوکی کوشک نے ہاروک دیسائی اور اسنیل پٹیل کو سلپ میں کیچ آوٹ کروایا، جبکہ گوتم نے وشوراج جڈیجہ، شیلڈن جیکسن اور چراغ جانی کو ایل بی ڈبلیو کیا۔سوراشٹرا نے دائیں ہاتھ کے پانچ بلے باز صرف 42 رنوں پر گنوانے کے بعد کھبو بلے باز چیتن سکاریا کومیدان میں بھیجا۔ سکاریا نے 48 گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے اور واسواڑا کے ساتھ 63 رنز کی قیمتی شراکت داری کی۔ پہلی اننگ میں ڈبل سنچری بنانے والے واسواڈا نے یہاں بھی کپتانی اننگ کھیلتے ہوئے 51 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔کوشک نے میچ کے آخری لمحات میں سکاریا کو آؤٹ کر دیا، لیکن پریرک مانکڈ نے چوکا لگا کر سوراشٹرا کی جیت کو یقینی بنایا۔اس سے پہلے کرناٹک نے دن کا آغاز 123/4 پر کیا اور شریاس گوپال (4 رن) کا وکٹ جلد کھو دیا۔ پہلی اننگ میں 120 رنز سے پیچھے رہنے کے بعد کرناٹک کو بڑی شراکت داری کی ضرورت تھی، تاہم نکن جوس (109) کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر وقت نہیں گزار سکا۔جوس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے 161 گیندوں میں نو چوکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے۔ وکٹوں کے مسلسل گرنے کے درمیان کرشنپا گوتم (23) اور وجے کمار وشک (20) نے کچھ دیر تک نکن کا ساتھ دیا۔ نکن نے گوتم کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 35 رنز کی شراکت داری کی، جبکہ وجے کمار کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 60 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو 234 رنز کے باعزت اسکور تک پہنچایا۔