کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتیں صرف غریبوں کو دھوکہ دینا جانتی ہیں: مودی

اگرتلہ، فروری۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کانگریس اور بائیں محاذ کی حکومتوں پر تریپورہ کو ترقی کے معاملے میں پیچھے دھکیلنے کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی حکومت نے محض پانچ سال میں ریاست کو تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن کیاہے۔مسٹر مودی ریاست میں 16 فروری کو ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کی مہم کو تیز کرنے کے لیے ہفتہ کو تریپورہ پہنچے۔ دھلائی ضلع کے امباسہ میں منعقدہ پہلی ریلی میں انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا، ’’کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتیں صرف غریبوں کو دھوکہ دینا جانتی ہیں۔ وہ غریبوں کو کبھی فکر سے آزاد نہیں کر سکتے۔ بی جے پی آپ کے خادم کی طرح آپ کی تمام پریشانیوں کو حل کرنے کے لئے دن رات کام کررہی ہے اور آپ کی حقیقی دوست ہے۔کانگریس اور بائیں بازو پر نشانہ لگاتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا،تریپورہ میں ہر گاؤں میں آپٹیکل فائبر بچھانے کا کام جاری ہے۔ تریپورہ میں پچھلے آٹھ برسوں میں تین گنا سے زیادہ آپٹیکل فائبر بچھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تریپورہ بہت جلد جنوبی ایشیا کا ‘گیٹ وے’ بننے والا ہے کیونکہ بی جے پی کی ڈبل انجن والی حکومت اس سمت میں کام کر رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا،عزم سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی وہی کرتی ہے جو آپ چاہتے ہیں اور ہم وہی کرتے ہیں جو آپ کی ترجیح ہے، جوآپ کی ضرورت ہے۔ ہم نے اپنے عزم میں نئے اہداف کے ساتھ نئے قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پہلے تریپورہ میں صرف بائیں بازو کی جماعتوں سے جڑے کیڈروں کو ہی سرکاری اسکیموں کا فائدہ حاصل ہورہاتھا، لیکن اب ہر شہری کومل رہا ہے۔مسٹر مودی نے کہا، ریاست کے تھانے بھی سی پی آئی (ایم) کارکنوں کے کنٹرول میں تھے، لیکن بی جے پی حکومت نے ریاست میں قانون کی حکمرانی قائم کی۔ اب تریپورہ کی شناخت تشدد اور پسماندگی نہیں ہے۔ پہلے تریپورہ میں صرف ایک پارٹی کو جھنڈا لہرانے کی اجازت تھی لیکن آج بی جے پی حکومت نے تریپورہ کو خوف، دھمکی اور تشدد سے آزاد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس جلسہ عام میں خوشی اور جوش کے ماحول سے یہ واضح ہے کہ ترقی کا یہ ڈبل انجن کبھی نہیں رکے گا اور ہر کوئی ایک بار پھر ‘ڈبل انجن’ والی حکومت کا مطالبہ کر رہا ہے۔بائیں بازو اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کے توازن پر، مسٹر مودی نے کہا، کانگریس اور بائیں بازو کے لوگ دھوکہ دہی میں ملوث ہیں، بدانتظامی کے پرانے کھلاڑیوں نے ہاتھ ملا لیا ہے۔ انہیں دیا گیا ہر ووٹ تریپورہ کو پیچھے دھکیل دے گا۔ لہذا آپ کو بس کمل کا بٹن دبانا ہے۔

Related Articles