کمل ناتھ عوام کو پھر سے گمراہ کررہے ہیں: شیوراج

بھوپال، جنوری ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ پر الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ وہ ایک بار پھر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔یہاں میڈیا سے بات چیت میں مسٹر چوہان نے کہا کہ کل انہوں نے مسٹر کمل ناتھ سے سوال پوچھا تو وہ بوکھلا گئے۔ اب وہ کہہ رہے ہیں کیا کوئی وزیر اعلیٰ سوال کرتا ہے؟ آپ عوام کو کنفیوز کرتے رہیں، جھوٹ بولتے رہیں اورہم آپ سے پوچھیں بھی نہ۔ انہوں نے کہا کہ آپ یہ بتائیں کہ وعدے پورے کیوں نہیں کئے؟ کل ہم نے پوچھا تھا، کانگریس نے سال 2018 میں کسانوں سے وعدہ کیا تھا، گندم، چنے، سرسوں سے لے کر تمام فصلوں پر بونس دیا جائے گا، لیکن کسانوں کو کچھ نہیں دیا گیا اور پھر گمراہ کرنے نکلے ہیں۔ جواب دینا پڑے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج دوسرا سوال پھر پوچھا جائے گا کہ مسٹر کمل ناتھ آپ نے سال 2018 کے وعدہ نامہ میں کہا تھا کہ دودھ پیدا کرنے والے کسانوں کو دودھ یونین کے ذریعے 5 روپے فی لیٹر بونس دیں گے۔ سواسال میں آپ نے کچھ نہیں دیا، اس کا جواب آپ کو دینا پڑے گا، لوگ جواب چاہتے ہیں۔

Related Articles