روزگار میلے میں 71 ہزار اپوائنٹمنٹ لیٹر تقسیم کیے گئے

نئی دہلی، جنوری۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک گیر روزگار میلے کے تیسرے مرحلے میں بدھ کو 45 مقامات پر منعقد پروگراموں میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے 71,000 نوجوانوں کو سرکاری محکموں اور تنظیموں میں ملازمتوں کے لئے تقرر نامے فراہم کئے۔ روزگار میلہ وزیراعظم کے اس عزم کی تکمیل کی طرف ایک قدم ہے کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ توقع ہے کہ روزگار میلہ مزید روزگار پیدا کرنے میں ایک محرک کے طور پر کام کرے گا اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قومی ترقی میں حصہ داری کے لیے بامعنی مواقع فراہم کرے گا۔مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی محترمہ سپرابھا بسواس جنہیں پنجاب نیشنل بینک کے لیے اپنا تقرری نامہ ملا، وہ سب سے پہلے وزیر اعظم سے بات چیت کرنے والی فردتھیں۔ انہوں نے تقرری کی رسمی کارروائیوں کو جلد مکمل کرنے اور خدمت کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے ان سے پڑھائی جاری رکھنے کے بارے میں بھی پوچھا۔ اس نے آئی جی او ٹی ماڈیول کے ساتھ اپنی وابستگی کی وضاحت کی اور ماڈیول کے فائدے کی وضاحت کی۔ جناب مودی نے اپنی ملازمت میں ڈیجیٹل لین دین کے فروغ کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ وزیر اعظم نے لڑکیوں کی جانب سے ہر میدان میں نئی پیش رفت کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔سری نگر، جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے مسٹر فیصل شوکت شاہ جنہوں نے این آئی ٹی، سری نگر میں جونیئر اسسٹنٹ کے طور پر تقرری حاصل کی، نے وزیر اعظم سے بات چیت کی اور بتایا کہ وہ خاندان کے پہلے فرد ہیں جنہوں نے سرکاری ملازمت حاصل کی۔ وزیر اعظم نے ان سے اپنے ساتھیوں پر ان کی تقرری کے اثرات کے بارے میں پوچھا۔ فیصل نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ان کے دوست سرکاری ملازمت میں شامل ہونے کے لیے حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے آئی جی او ٹی ماڈیول کے فوائد سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ فیصل جیسے نوجوانوں کی بنا پر جموں و کشمیر نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ انہوں نے نوجوان تقرری یافتگان سے بھی کہا کہ وہ سیکھتے رہیں۔منی پور سے تعلق رکھنے والی محترمہ واہنی چونگ کو ایمس، گوہاٹی میں نرسنگ آفیسر کے طور پر تقرری کا خط ملا۔ انہوں نے کہا کہ شمال مشرق میں صحت کے شعبے میں شامل ہونا ان کا خواب تھا۔ وہ دوسروں کی طرح، اپنے خاندان کی جانب سے سرکاری ملازمت میں تقرر پانے والی پہلی فرد ہے۔ وزیر اعظم نے ان سے ایسی کسی بھی رکاوٹ کے بارے میں پوچھا جس کا انہیں انتخاب کے عمل کے دوران سامنا کرنا پڑا ہو اور ان سے اپنا تجربہ بتانے کو بھی کہا۔ محترمہ چونگ نے مسلسل سیکھنے کی اپنی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ ا نہوں نے کام کاج کی جگہ پر جنسی ہراسانی سے نمٹنے کی دفعات کے بارے میں حساسیت اور سیکھنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے شمال مشرقی علاقے میں تقرری کے لیے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ حکومت خطے کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔بہار سے تعلق رکھنے والے ایک معذور شخص جناب راجو کمار کو ہندوستانی مشرقی ریلوے میں جونیئر انجینئر کے طور پر اپنا تقرری نامہ ملا۔ راجو نے ، جو کہ جسمانی طور پر معذور ہیں ،اپنے سفر کی وضاحت کی اور زندگی میں مزید آگے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے ساتھیوں اور خاندان سے ملنے والے تعاون کے بارے میں بھی بات کی۔ راجو نے کرمیوگی پرارمبھ کورس پر 8 کورسز کیے ہیں اور تناؤ کے انتظام اور ضابطہ اخلاق کے کورس سے کافی فائدہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے کہا کہ وہ یو پی ایس سی کے سول سروسز امتحان کے لیے کوشش کریں گے۔ وزیر اعظم نے ان کے سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کنمالا ومسی کرشنا کو کول انڈیا لمیٹڈ میں مینجمنٹ میں تربیت پانے والے کےطور پر اپنا تقرری نامہ ملا۔ وزیر اعظم نے ان کے والدین کی محنت اور مشکلات دونوں کا ذکر کیا اور نئے زیر تربیت کرشنا نے بھی اپنے سفر کا ذکر کیا اور روزگار میلہ کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ کنمالا ومسی کرشنا نے بھی ماڈیول کو بہت مفید پایا خاص طور پر کیونکہ یہ موبائل فون پر دستیاب ہے۔ جناب مودی نے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے کیریئر میں سیکھتے رہیں گے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ریمارکس دیے کہ یہ 2023 کا پہلا روزگار میلہ ہے جو 71 ہزار خاندانوں کے لیے روزگار کا قیمتی تحفہ لے کر آیا ہے۔ وزیر اعظم نے نئے تقرری یافتگان کو مبارکباد دی اور کہا کہ روزگار کے یہ مواقع نہ صرف تقرری پانے والوں میں بلکہ کروڑوں خاندانوں میں بھی امید کی ایک نئی کرن پیدا کریں گے۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں لاکھوں نئے خاندان سرکاری ملازمتوں پر تعینات ہوں گے کیونکہ این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں روزگار میلے باقاعدگی سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آسام حکومت نے کل ہی ایک روزگار میلہ منعقد کیا تھا اور مدھیہ پردیش، اتر پردیش، مہاراشٹرا اور اتراکھنڈ جیسی ریاستیں بہت جلد اس کا انعقاد کرنے والی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ باقاعدہ روزگار میلے اس حکومت کی نشانی بن چکے ہیں۔ وہ یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اس حکومت نے جو بھی عہد کیا ہے وہ پورا ہو گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ نئے تعینات ہونے والوں کے چہروں پر خوشی اور اطمینان کو واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں اور کہا کہ ان میں سے زیادہ تر امیدوار عام پس منظر سے آتے ہیں اور بہت سے ایسے ہیں جنہوں نے اپنے خاندان میں پانچ نسلوں میں پہلی مرتبہ سرکاری ملازمت حاصل کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ سرکاری ملازمت حاصل کرنے سے بھی بڑی بات ہے۔ امیدوار خوش ہیں کہ ایک شفاف اور واضح بھرتی کے عمل کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو پہچانا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا۔‘‘ آپ نے بھرتی کے عمل میں بڑے پیمانے پر تبدیلی محسوس کی ہوگی۔ مرکزی ملازمتوں میں، بھرتی کا عمل زیادہ منظم اور میعاد بند ہو گیا ہے۔ ’’وزیر اعظم نے کہا کہ اس بھرتی کے عمل کی شفافیت اور رفتار آج حکومت کے کام کے ہر پہلو کو نمایاں کرتی ہے۔ جناب مودی نے اس وقت کو یاد کیا جب معمول کی ترقیوں میں بھی تاخیر اور تنازعات تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے ایسے مسائل کو حل کیا ہے اور شفاف عمل کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف بھرتی اور پروموشن نوجوانوں میں اعتماد پیدا کرتی ہے۔اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یہ ان لوگوں کے لیے ایک نئے سفر کا آغاز ہے جنہیں آج ان کے تقرری کے خطوط موصول ہوئے ہیں، وزیر اعظم نے ان شراکتوں اور شراکت داریوں پر روشنی ڈالی جو وہ قوم کی ترقی کے سفر میں سرکاری مشینری کا حصہ بن کر کریں گے۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ بہت سے نئے مقررین حکومت کے براہ راست نمائندوں کے طور پر عام لوگوں سے بات چیت کریں گے اور وہ اپنے طریقے سے اثر پیدا کریں گے۔ کاروبار اور صنعت کی دنیا میں اس کہاوت سے ہم آہنگی کا اظہار پیدا کرتے ہوئے کہ صارف ہمیشہ درست ہوتا ہے، وزیر اعظم نے ریمارکس دیے کہ ‘شہری ہمیشہ صحیح ہوتا ہے’اسی طرح کے منتر کو انتظامیہ میں لاگو کیا جانا چاہیے۔‘‘ یہ خدمت کے جذبے کو جنم دیتا ہے اور اسے تقویت بھی ملتی ہے’’۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جب کسی کو سرکاری عہدہ پر تعینات کیا جاتا ہے تو اسے نوکری نہیں بلکہ سرکاری خدمت کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اس خوشی پر بھی روشنی ڈالی جو 140 کروڑ ہندوستانی شہریوں کی خدمت کرکے محسوس کی جاسکتی ہے اور کہا کہ اس کا لوگوں پر مثبت اثر پڑتا ہے۔آئی جی او ٹی کرمیوگی پلیٹ فارم پر آن لائن کورس کرنے والے بہت سے سرکاری ملازمین کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سرکاری تربیت کے علاوہ اس پلیٹ فارم میں ذاتی ترقی کے بہت سے کورسز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے خود سیکھنا آج کی نسل کے لیے ایک موقع ہے۔ جناب مودی نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے اندر موجود طالب علم کو کبھی مرنے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا۔‘‘خود سیکھنے کا رویہ سیکھنے والے کی صلاحیتوں، اس کے اداروں اور ہندوستان کی صلاحیتوں کو بھی بہتر بنائے گا۔’’مسٹر مودی نے زور دے کر کہا‘‘ تیزی سے بدلتے ہوئے ہندوستان میں، روزگار اور خود روزگار کے مواقع مسلسل بہتر ہو رہے ہیں۔ تیز رفتار ترقی خود روزگار کے مواقع میں بڑے پیمانے پر توسیع کا باعث بنتی ہے۔ آج کا ہندوستان اس کا گواہ ہے۔’’وزیر اعظم نے بتایا کہ ملک میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے ایک جامع نقطہ نظر کے ساتھ پچھلے آٹھ سالوں میں روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے میں سو لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کی مثال دی اور اس بات پر زور دیا کہ کس طرح ایک نئی تعمیر شدہ سڑک اس تعمیر میں روزگار کے مواقع کو جنم دیتی ہے۔ وزیر اعظم نے ذکر کیا کہ نئی سڑکوں یا ریلوے لائنوں کے اطراف میں نئی منڈیاں اُبھرتی ہیں اور کھیتوں سے میدان تک اناج کی نقل و حمل کو بہت آسان بناتی ہیں جبکہ سیاحت کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا۔ ‘‘ان تمام امکانات نے روزگار کے مواقع کو جنم دیا۔’’ہر گاؤں میں براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی فراہم کرنے کے بھارت نیٹ پروجیکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے، جب یہ رابطہ قائم ہوتا ہے تو اس وقت پیدا ہونے والے روزگار کے نئے مواقع پر وزیر اعظم نے روشنی ڈالی۔ وزیر اعظم نے کہا، یہاں تک کہ جو لوگ ٹیکنالوجی کی زیادہ معلومات نہیں رکھتے ہیں ، وہ بھی اس کے فوائد کو سمجھتے ہیں۔ اس سے دیہاتوں میں آن لائن خدمات فراہم کر کے کاروبار کا ایک نیا شعبہ کھل گیا ہے۔ مسٹر مودی نے دوسری اور تیسری قطار کے شہروں میں پھلتے پھولتے اسٹارٹ اپ کے منظر نامہ کا بھی ذکرکیا اور کہا کہ اس کامیابی نے دنیا میں اس ملک کے نوجوانوں کے لیے ایک نئی شناخت قائم کی ہے۔تقرریاں پانے والے افراد کے سفر اور کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم نے انہیں ملک کے لوگوں کی خدمت کا موقع ملنے پر مبارکباد دی اور انہیں اس بات کے یاد رکھنے کی تلقین کی کہ انہیں یہاں تک کون سی چیز لے کر آئی ہے اور ان سے کہا کہ وہ ہمیشہ لوگوں سے جھک کر ملیں اور ان کی خدمت کرتے رہیں۔ وزیراعظم نے اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے کہا۔‘‘آپ کو سیکھنا ہوگا اور ملک کو آگے لے جانے کے لیے خود کو صلاحیتوں کا حامل بنانا ہوگا’’۔

Related Articles