ہندوستان اور مصر کے درمیان فوجی مشق سائیکلون

نئی دہلی، جنوری۔ ہندوستان اور مصر کے فوجی گزشتہ ایک ہفتے سے راجستھان کے صحراؤں میں پہلی فوجی مشق ‘ایکسرسائز سائیکلون -1’ میں ایک دوسرے کے ساتھ جنگی مہارتوں کا اشتراک کررہےہیں۔ یہ فوجی مشق، جو گزشتہ 14 جنوری سے جیسلمیر میں جاری ہے، دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان پہلی مشترکہ مشق ہے۔ اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس کے تحت صحرا میں اسپیشل فورسز کے درمیان باہمی ہم آہنگی، آپریشنل اور پیشہ ورانہ مہارت کا اشتراک کیاجانا ہے۔ مشقوں میں انسداد دہشت گردی، جاسوسی، حملہ اور دیگر خصوصی آپریشن بھی شامل ہیں۔”سائیکلون I” مشق نے مشترکہ طور پر دونوں ممالک کی خصوصی افواج کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ہے اور یہ 14 دن تک جاری رہے گی۔ دونوں ممالک کی اعلیٰ اسپیشل فورسز اسنائپنگ، کمبیٹ فری فال، جاسوسی، نگرانی، ہدف کی شناخت کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں، آلات، اختراعات، تکنیکوں، حکمت عملیوں اور طریقہ کار سے متعلق معلومات کا تبادلہ کریں گی۔ فوجی دستے مشترکہ منصوبہ بندی، میدان جنگ میں لڑائی، دہشت گردی کے لانچ پیڈز پر سرجیکل اسٹرائیک اور بڑے اہداف پر اسنائپر شوٹنگ کی مشق بھی کریں گے۔مشترکہ فوجی مشقوں سے دونوں ممالک کی افواج کو ایک دوسرے کی ثقافت اور نفسیات کو سمجھنے میں مدد ملے گی جس کی بنیاد پر فوجی تعاون اور باہمی آپریشنز کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ اس سے ہندوستان اور مصر کے درمیان سفارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

Related Articles