رگھوونش پرساد غریبوں کو سمجھنے والے شخص تھے: وزیراعظم مودی

نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق مرکزی وزیر رگھوونش پرساد سنگھ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
مسٹر مودی نے اتوار کے روز ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بہار میں پٹرولیم سیکٹر کے تین بڑے منصوبوں کے افتتاحی پروگرام سے اپنے خطاب کے دوران مسٹر رگھوونش پرساد کو زمین سے وابستہ اور غربت کو سمجھنے والا شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہار کے لیے جدوجہد میں اپنا پورا وقت گزاردینے والے رگھوونش بابو کے رخصت ہوجانے سے بہار اور ملک کی سیاست میں ایک خلاء کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
وزیر اعظم نے علاج کے لیے ایمس میں بھرتی رہنے کے دوران بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو لکھے گئے مسٹر رگھوونش سنگھ کے آخری خط کے مطالبات کو مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ "انہوں نے (مسٹر پرساد نے) بہار کے وزیر اعلی کو خط لکھا اور ترقیاتی کاموں کی ایک فہرست دی ہے۔ میں نتیش کمار سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ کو اور ہمیں مل کر مسٹر پرساد کے آخری خط میں ظاہر کیے گئے مطالبات کو پورا کرنے کی پوری کوشش کرنی چاہئے۔
واضح رہے کہ مسٹر رگھوونش پرساد نے حال ہی میں وزیر اعلی نتیش کمار کو ایک خط لکھا تھا اور بہار سے متعلق بہت سے مطالبات کیے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ 15 اگست کو وزیر اعلی کو پٹنہ میں قومی پرچم لہرانا چاہئے اور گورنر کو دنیا کی پہلی جمہوریہ ویشالی میں قومی پرچم لہرانا چاہئے۔ اسی طرح 26 جنوری کو، گورنر کو پٹنہ میں اور وزیر اعلی کو ویشالی گڑھ کے میدان میں قومی پرچم لہرانا چاہئے۔
اس کے علاوہ ، مسٹر پرساد نے ویشالی کے تمام تالابوں کو جل-جیون ہریالی ابھیان سے جوڑنے کی درخواست کی تھی۔

Related Articles