وادی کشمیر میں برف باری سے نظام زندگی درہم برہم

جنوبی کشمیر میں شدید برف و باراں، ہوائی اور زمینی رابطے منقطع

سری نگر ,جنوری۔وادی کشمیر میں جمعہ کو دوپہر کے وقت شروع ہونے والی برف باری سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے بیشتر حصوں میں برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ گرمائی راجدھانی میں ایک انچ سے زیادہ برف کھڑی ہوگئی ہے جبکہ دوردراز اور بالائی علاقوں میں دو سے چارفٹ برف جمع ہوگئی ہے۔وادی کو بیرون دنیا سے جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ کو جمعے کی صبح ہی ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا جبکہ سری نگر کے ہوائی اڈے پر پروازوں کی آواجاہی بری طرح سے متاثر ہوکر رہ گئی ہے۔شدید برف باری کی وجہ سے شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق سری نگر جموں قومی شاہراہ کے علاوہ وادی کے درجنوں علاقوں کو ضلع صدر مقامات سے جوڑنے والی سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔واضح رہے کہ خطہ لداخ کو وادی سے جوڑنے والی سری نگر لیہہ قومی شاہراہ اور وادی کو جموں کے پیرپنچال سے جوڑنے والی مشہور مغل شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت پچھلے ایک ہفتے سے بند ہے کیونکہ دونوں شاہرائیں بھاری مقدار میں برف جمع ہونے کے بعد بند کردی گئی تھیں۔شمالی ضلع گاندربل سے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ سیاحتی مقام سونہ مرگ، کنگن ، کلن، فراو اور دوسرے علاقوں میں بھاری برف باری ہوئی ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق کشمیر کے تمام بالائی حصوں بشمول مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام، سونہ مرگ، یوسمرگ اور دودھ پتھری میں تین سے چار فٹ تازہ برف کھڑی ہوگئی ہے۔شعبہ سیاحت سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ چلہ کلان میں بھاری برف باری ہونے کا فائدہ یہ ہے کہ جمع شدہ برف اپریل تک موجود رہے گی۔صوبہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ کے تمام پہاڑی علاقوں بالخصوص کٹرہ، بھدرواہ اور ڈوڈہ میں تازہ برف باری ہوئی ہے۔ جموں کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کے نتیجے میں میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی ہے۔دریں اثنا وادی کشمیر میں تازہ برف باری کے بیچ سری نگر ہوائی اڈے پر کم روشنی کے باعث جمعے کی صبح تمام پروازوں کو معطل کر دیا گیا۔ائر پورٹ ذرائع نے بتایا کہ سری نگر میں جاری برف باری اور کم روشنی کے پیش نظر سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈاے پر جمعے کی صبح تمام پروازوں کو معطل کر دیا گیا۔بتادیں کہ وادی کشمیر میں سری نگر سمیت جمعے کی صبح سے ہی رک رک کر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے میدانی علاقوں میں جمعے کی سہہ پہر کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کا امکان ہے اور بعد ازاں 14 سے 18 جنوری تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔دریں اثنا وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر جمعے کے روز برف باری اور چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ اور سری نگر- لیہہ قومی شاہراہ پر پہلے ہی ٹریفک کی نقل و حمل کو بند کر دیا گیا ہے۔یو این آئی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر میں رواں موسم کی شدید برف باری کے نتیجے میں دور درازعلاقوں میں بجلی کی ترسیل کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر بیشتر حصے گھپ اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محکمہ بجلی کے اہلکاروں نے گرتی برف کے درمیان بجلی کی ترسیلی لائنوں کو ٹھیک کرنا شروع کردیا ہے۔اگرچہ انتظامیہ نے سینکڑوں کی تعداد میں برف ہٹانے والی مشینیں کام پر لگادی ہیں، تاہم موصولہ اطلاعات کے مطابق درجنوں علاقوں کو جانے والی سڑکوں پر سے برف ہٹانے کا کام شروع ہونا باقی ہے۔انتظامیہ نے لوگوں کی راحت رسانی کے لئے ہیلپ لائن نمبرات جاری کردیے ہیں۔ سبھی ضلع ہیڈکوارٹروں میں کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔صوبائی کمشنر کشمیرپی کے پول مسلسل برف باری کے پیش نظر تودے گرآنے کی وارننگ جاری کردی ہے۔ لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو فون پر بتایا کہ وادی کشمیر میں برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے اگلے بارہ گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہفتے کی صبح سے موسم میں بہتر ی آنا شروع ہوگی۔جنوبی کشمیر سے یو این آئی نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ اننت ناگ ، پلوامہ ، شوپیاں اور کولگام اضلاع میں جمعے کی صبح سے ہی برف باری کا سلسلہ شروع ہو جو یہ رپورٹ فائل کرنے تک جاری تھی ۔انہوں نے بتایا کہ کولگام اور شوپیاں اضلاع میں آخری اطلاعات موصول ہونے تک ڈیڑھ فٹ برف ریکارڈ کی گئی ، اننت ناگ میں پانچ انچ ، پلوامہ میں چار انچ کے قریب برف ریکارڈ ہوئی۔وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام سے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ پکھر پورہ میں چار بجے تک ڈیڑھ فٹ ، یوسمرگ میں دو فٹ، کنہ دجن ڈیڑھ فٹ، چرار شریف میں ایک فٹ، نلہ ناگ میں دو فٹ، دارون نوگام ، دو فٹ، چلین ژوٹی نارڈ دو فٹ، فٹلی پورہ ڈھلون ایک فٹ ، تلہ سرہ ، چراونی ایک فٹ، ہفرو بٹہ پورہ میں ایک فٹ ، روپہ ون میں ڈیڑھ فٹ کے قریب برف ریکارڈ کی گئی ۔شمالی کشمیر سے نامہ نگار نے بتایا کہ کپواڑہ ، ہندواڑہ ، بانڈی پورہ کے دور افتادہ علاقوں میں شدید برف باری کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Related Articles