علی خان آئی پی ایل میں کھیلنے والے پہلے امریکی کھلاڑی بن سکتے ہیں

نئی دہلی،12ستمبر (یواین آئی) امریکہ کے تیزگیندباز علی خان آئی پی ایل میں کھیلنے والے پہلے امریکی کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ آئی پی ایل کا انعقاد اس مرتبہ متحدہ عرب امارات میں 19ستمبر سے ہورہا ہے۔
یہ سمجھاجارہا ہے کہ کلکتہ نائیٹ رائڈرس ( کے کے آر) نے انگلینڈ کے تیزگیندباز ہینی گرنی کے بدلے میں علی خان کو منتخب کیا ہے لیکن آئی پی ایل نے ابھی تک علی کو ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ علی کیریبیائی پریمیر لیگ (سی پی ایل) میں ترینباگو نائٹ رائڈرس کے لئے کھیلتے ہیں جو کہ کے کے آر کے مالک شاہ رخ خان کی ہی ٹیم ہے۔ نائٹ رائیڈرز نے اس سیزن میں اپنے تمام 12 میچ کھیلے اور چوتھی بارخطاب اپنے نام کیا۔
علی سی پی ایل کے بہترین گیندباز ہیں اور انہوں نے پچھلے تین برسوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے انہیں دنیا بھر میں ٹی 20 لیگ میں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔ پچھلے سیزن میں بھی وہ کے کے آر کی نگاہ میں تھے ۔ سی پی ایل کے اس سیزن میں ، انہوں نے 7.43 کی اوسط سے آٹھ میچوں میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔

Related Articles