اچھی نیت سے بنائی گئی اسکیموں کے اچھے نتائج سامنے آتے ہیں: مودی

پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے تحت مدھیہ پردیش کے 12 ہزار دیہاتوں میں تعمیر کیے گیے گھر 1 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کو سونپےگئے

بھوپال، وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ صاف نیت سے بنائی گئی اسکیموں کے نفاذ کے اچھے نتائج سامنے آتے ہیں۔
وزیر اعظم مسٹر مودی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے تحت مدھیہ پردیش کے 12 ہزار دیہاتوں میں تعمیر کیے گیے گھر 1 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کو سونپے جانے کے پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان اور سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے ممبر پارلیمنٹ جیوترادتیہ سندھیا بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شامل ہوئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اگر صحیح نیت سے تیار کی گئی اسکیم کا نفاذ اچھے سے ہوتا ہے تو یہ اسکیم صحیح ہوتی ہے اور مستحق افراد تک اس کا فائدہ پہنچتا ہے۔
وزیر اعظم نے مکان حاصل کرنے والے تمام مستحقین کو گھر کی چابی ملنے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کو ابھی تک گھر نہیں ملے ہيں، ان کے خواب بھی پورے ہوں گے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ پہلے غریب حکومت کے پیچھے بھاگتے تھے، اب حکومت عوام کے پاس جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے اس بحران کے دوران پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت 18 لاکھ مکانات کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے، جس میں مدھیہ پردیش کے 1.75 لاکھ مکانات مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلی مسٹر چوہان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے اس میں توسیع کی ہے اور 27 اسکیموں کو اس اسکیم سے جوڑ دیا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا ہو یا سوچھ بھارت ابھیان کے تحت تعمیر کیے جانے والے بیت الخلا ہوں، ان سے نہ صرف غریبوں کو سہولیات فراہم ہورہی ہیں، بلکہ یہ انہیں روزگار فراہم کرنے اور بااختیار بنانے کا ایک بہت بڑا ذریعہ بھی ہیں۔ یہ اسکیمیں دیہات کی بہنوں کی زندگی کو تبدیل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب غریبوں کی آمدنی اور اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے تو پھر خود انحصار ہندوستان کا عزم بھی مضبوط تر ہوتا ہے۔ پہلے دیہاتوں کی بنیادی سہولیات تیار کی گئیں، اب وہاں جدید سہولیات تیار کی جارہی ہیں۔
مسٹر نریندرمودی نے کہا کہ کورونا کے اس دور میں پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت صرف 45 سے 60 دنوں میں مکانات تعمیر کیے گئے ہیں، جبکہ عام طور پر اس اسکیم کے تحت مکان بنانے میں اوسطا 125 دن لگتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج گاؤں میں رانی مستری یا مہیلا راج مستری کے لئے بڑی تعداد میں کام کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ صرف مدھیہ پردیش میں ہی 50 ہزار سے زیادہ راج مستریوں کو تربیت دی جا چکی ہے اور ان میں سے 9 ہزار رانی مسریاں ہیں۔
پروگرام میں وزیر اعظم سے بات چیت کرتے ہوئے پردھان منتری آواس یوجنا کے ایک مستحق شخص گوالیار کے نریندر نام دیو نے کہا کہ اپنے مستقل مکان کی تعمیر سے ان کے مسائل کم ہوگئے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی گوالیار کے نریندر نام دیو نے وزیر اعظم کو بتایا کہ کس طرح ان کے اہل خانہ پرغموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا تھا۔ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت انہیں نہ صرف ایک مکان ملا ہے، بلکہ حفاظتی شیلڈ بھی فراہم ہوگیا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر مسٹر مودی نے ملک کے باشندوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کورونا وائرس کی دوا نہیں آجاتی ہے، انہیں اس کی روک تھام میں سستی نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو کورونا پروٹوکول کے تحت ماسک پہننا اور دو گز دوری رکھنا ہے۔

Related Articles