اگر کسی کے پاس سی ڈی ہے تو وہ عدالت میں پیش کرے: شرما

بھوپال، جنوری۔مدھیہ پردیش کی سیاست میں گزشتہ کئی دنوں سے خبروں میں رہنے والے سی ڈی کے بارے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ریاستی یونٹ کے صدر وشنودت شرما نے آج کہا کہ اگر کسی کے پاس سی ڈی جیسے ثبوت ہیں تو انہیں عدالت میں پیش کیا جانا چاہئے ۔سی ڈی دیکھنے کے بارے میں سابق وزیر اعلی کمل ناتھ کے بیان کے بارے میں مسٹر شرما نے کہا کہ یہ تشویش کی بات ہے کہ ریاست کی سیاست میں کانگریس کی قیادت اس قدر نیچے گر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جن معاملات کی بات کی جا رہی ہے وہ عدالت میں زیر سماعت ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ اور قائد حزب اختلاف ڈاکٹر گووند سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے کسی معاملے کے ثبوت دیکھے ہیں تو کیسے دیکھے ہیں اور اپنے پاس کیسے رکھے ہیں؟مسٹر شرما نے کہا کہ اگر کسی کے پاس ایسے ثبوت ہیں تو وہ انہیں عدالت میں پیش کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیوں کو ان لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کرنی چاہیے جنہوں نے ثبوت اپنے پاس رکھے ہیں ۔خیال رہے کہ سی ڈی کا معاملہ مدھیہ پردیش میں گزشتہ چند دنوں سے سرخیوں میں ہے۔ اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد ڈاکٹر گووند سنگھ نے تین دن پہلے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس بی جے پی کے کچھ لیڈروں کی سی ڈیز ہیں۔ اس کے بعد مسٹر شرما نے انہیں چیلنج کیا اور کہا کہ وہ ان سی ڈیز کو سب کے سامنے لے آئیں۔ اس پر دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان بیان بازی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔اس کے بعد سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے بھی کل دعویٰ کیا کہ انہوں نے بھی کچھ سی ڈیز دیکھی ہیں۔ مسٹر شرما نے آج ان کے بیان پر اس ردعمل کا اظہار کیا۔سمجھا جاتا ہے کہ یہ مبینہ سی ڈیز ہنی ٹریپ کیس سے متعلق ہیں جو پہلے ریاست کی سیاست میں سرخیوں میں تھا۔

 

Related Articles