صاف ستھری توانائی کے لئے ہندوستان اجتماعی طور پر کام کر رہا ہے : پیوش
نئی دہلی ،مرکزی وزیر برائے تجارت و صنعت پیوش گوئل نے آئندہ نسلوں کو صاف ستھری توانائی فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان صاف توانائی کے لئے اجتماعی طور پر کام کر رہا ہے۔
مرکزی وزارت برائے تجارت و صنعت نے بدھ کے روز یہاں بتایا کہ مسٹر گوئل نے دیر رات بین الاقوامی شمسی اتحاد کی ’ انٹرنیشنل سولرٹیکنالوجی سمٹ‘ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آنے والی نسلوں کو صاف ستھری توانائی فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
اس کے لئے تمام محکموں کی انتظامی رکاوٹیں دور کی گئی ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرکے اس مقصد کو حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مسٹر گوئل نے کہا کہ شمسی توانائی اور نئی ٹکنالوجی سے مستقبل کی دنیا زیادہ بہتر اور صاف ستھری ہوگی ۔ انہوں نے کہا ’’ آگے بڑھنے کے سوا ہمارے پاس کوئی متبال نہیں ہے ۔ توانائی کے ذرائع کے لئے خالص ذرائع پر انحصار کرنا ہوگا ۔ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے ہم سب یہ کوشش کر رہے ہیں۔
ملک میں تیل و قدرتی گیس کی وزارت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر گوئل نے کہا کہ معدنی تیل سے قابل تجدید توانائی کی سمت میں بڑھنے میں یہ اہم ثابت ہو گی ۔ ایک دن ایسا آئے گا جب توانائی تقریبا مفت دستیاب ہوگی۔ ہندوستان میں 745 گیگاواٹ شمسی توانائی پیدا کرنے کی صلاحت ہے اور اس کی سپلائی دنیا کے دیگر حصوں میں بھی کی جا سکتی ہے ۔