پونچھ میں ایل او سی پر گولہ باری، کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں

جموں، جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے دگوار اور مالٹی سیکٹروں میں لائن آف کنٹرول پر بدھ کی شام ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری اور مارٹر گولوں کا تبادلہ ہوا تاہم کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پونچھ کے دگوار اور مالٹی سیکٹروں میں ایل او سی پر بدھ کی شام قریب ساڑھے پانچ بجے پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری اور مارٹر شیلنگ شروع کر دی۔
انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات فوجی جوانوں نے اس حملے کا بھرپور اور موثر جواب دیا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان گزشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے سال رواں کے ماہ جولائی تک جموں و کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے 8 ہزار 5 سو 71 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
سال 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان آئے روز کی گولہ باری کے تبادلے سے سرحد کے آرپار کی بستیوں کے لوگوں کا جینا دو بھر ہو کے رہ گیا ہے۔

Related Articles