این ای ای ٹی امتحانات ملتوی کئے جانے سے متعلق عرضی مسترد

نئی دہلی ،سپریم کورٹ نے بدھ کے روز قومی اہلیت مع داخلہ ٹیسٹ (این ای ای ٹی) کو ملتوی کرنے سے متعلق تین عرضیوں پر سماعت سے انکار کردیا۔
یہ امتحان 13 ستمبر کو ہونے والا ہے ۔ سہ رکنی بینچ نے یہ عرضیاں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اب سب کچھ مکمل ہو چکا ہے ۔ نظرثانی کی عرضی بھی مستر د کی جا چکی ہے۔ مشترکہ داخلہ امتحان (جے ای ای) بھی ختم ہوچکا ہے۔ اب ہم عرضی پر غور کیسے کرسکتے ہیں ‘‘۔
اس بنچ میں جسٹس اشوک بھوشن ، جسٹس آر سبھاش ریڈی اور جسٹس ایم آر شاہ شامل ہیں ۔ عرضی گزاروں نے کہا کہ وہ صرف امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کر رہیں ہیں لیکن ان کی عرضیاں مسترد کردی گئیں۔
اس سے قبل سپریم کورٹ نے 17 اگست کو این ای ای ٹی اور جے ای ای کے امتحانات ملتوی کرنے کے متعلق اسی طرح کی عرضی مسترد کردی تھی۔ عدالت نے ان عرضیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ طلبا کے کیریئر کو لمبے عرصے تک برباد نہیں کیا جاسکتا۔

Related Articles