کانگریس نے ووٹر ڈیٹا چوری کا الزام لگاتے ہوئے بومئی کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا

بنگلورو، نومبر۔کانگریس کے سینئر لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا نے جمعرات کو کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے بروہت بنگلورو مہانگر پالیکا (بی بی ایم پی) اور انتخابی اتھارٹی پر ووٹر ڈیٹا چوری کا الزام لگایا۔مسٹر سرجے والا نے کہاکہ 40 فیصد کمیشن والی حکومت نے اب انتخابی عمل کو بھی خراب کر دیا ہے۔ مسٹر بومئی، بی جے پی حکومت اور اس کے عہدیدار، بی بی ایم پی اور الیکشن اتھارٹی ایک ساتھ مل کر جمہوریت کو پامال کرنے کے جرم اور بنگلورو کے معصوم باشندوں سے حق رائے دہی چھیننے کے جرم میں شریک ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ریاستی انتظامیہ کو 40 فیصدی حکومت لٹیروں اور گھپلوں سے بھری ہوئی قرار دیا تھا۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ چلم ایجوکیشنل اینڈ رورل ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ نام کی ایک پرائیویٹ تنظیم نے ووٹر ڈیٹا اکٹھا کرنے کا بڑا گھپلہ کیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ چلم کے ملازمین نے بی ایل او کے طور پر 28 اسمبلی حلقوں میں ووٹر کا ڈیٹا اکٹھا کیا جس میں ذات، مذہب، عمر، جنس، مادری زبان، ازدواجی حیثیت، آدھار نمبر، فون نمبر، پتہ، ووٹر آئی ڈی نمبر،ووٹرز کے ای میل ایڈریس جیسی معلومات شامل تھیں۔مسٹر سرجے والا نے کہا کہ چلم نے ووٹر کی اہم معلومات کو الیکشن کمیشن ووٹر رجسٹریشن ہیلپ لائن گروڈ یا ووٹر ہیلپ لائن پر اپ لوڈ کرنے کے بجائے اپنی معاون کمپنی کی ڈیجیٹل سمیکشا نامی ایک پرائیویٹ ایپ پر اپ لوڈ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بنگلورو کے معصوم ووٹروں کے ساتھ ایک اور دھوکہ ہے۔مسٹر سرجے والا نے الزام لگایا کہ چلم انٹرپرائزز پرائیویٹ لمیٹڈ اور ڈی اے پی ہومبل پرائیویٹ لمیٹڈ کے مالک ڈائریکٹر کرشنپا روی کمار انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے وزیر ڈاکٹر سی این اشوتھ کے قریبی ہیں۔

Related Articles