مرمو اسکول اور ہاسٹل کا دورہ کر کے ہوئیں جذباتی

بھونیشور، نومبر۔صدر دروپدی مرمو جمعہ کو گرلز ہائی اسکول یونٹ II کا دورہ کرنے پر بہت خوش اورجذباتی ہوگئیں جہاں انہوں نے 1970 سے 1974 تک آٹھویں سے گیارہویں تک کی تعلیم حاصل کی۔صدر نے کنتلا کماری سبت قبائلی ہاسٹل کے اس کمرے کا بھی دورہ کیا جہاں وہ اپنی اسکول کی تعلیم کے دوران ٹھہری تھیں۔ وہ کمرے میں لکڑی کے بستر پر بھی بیٹھیں اوراپنے اسکول کے دنوں کو یادکیا۔اس ہاسٹل کے کمرے کو اسکول کے حکام نے ایک نئی شکل دی تھی۔ صدر کمرے میں اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ اپنی تصویر دیکھ کر خوش ہوئیں۔ انہوں نے اپنے تیرہ ہم جماعتوں کے ساتھ کچھ دیر بات چیت کی اور ان کے ساتھ تصویریں کھنچوائیں اور انہیں راج بھون مدعو کیا۔محترمہ مرمو کے صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے اسکول کا یہ ان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔صدر نے اس سے قبل صبح اڈیشہ کے اپنے دورے کے دوسرے دن دارالحکومت کے مضافات میں واقع کھنڈگری میں واقع تپوبن ہائی اسکول کا دورہ کیا۔ انہوں نے طلباء سے ان کا نام، گاؤں اور والدین کا نام پوچھا اور انہیں تعلیم پر توجہ دینے اور ایک مثالی انسان بننے کا مشورہ دیا۔ صدر کا اسکول میں شاندار استقبال کیا گیا۔ طلباء نے سنتالی گیت گایا اور قبائلی رقص پیش کیا۔انہوں نے طلباء سے کہا کہ کوئی بھی ان کا رول ماڈل نہیں تھا، ان کی دادی ان کی تحریک تھیں۔

Related Articles