جسٹس بارووالیا ہماچل کے نئے لوک آیکت

شملہ، نومبر۔ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے جسٹس چندر بھوشن بارووالیا کو ریاست کا نیا لوک آیکت مقرر کیا گیا ہے۔جسٹس بارووالیا کو جمعرات کے روز یہاں راج بھون میں گورنر راجندر وشواناتھ آرلیکر نے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔قابل ذکر ہے کہ ریاستی حکومت نے ہماچل لوک آیکت بل میں ترمیم کے بعد ہائی کورٹ کے جج کو لوک آیکت بنایا ہے۔ اب تک لوک آیکت کے لیے صرف ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ چیف جسٹس یا سپریم کورٹ کے جج ہی لوک آیکت بن سکتے تھے۔ ریاست میں لوک آیکت کا عہدہ 2017 سے خالی تھا۔ لوک آیکت کے عہدے سے سپریم کورٹ کے سابق جج ایل ایس پانٹا کے بعد سے اس عہدے پر کسی کی تقرری نہیں ہوئی ہے۔ اب تک ریاست میں صرف دو لوک آیکت ہی اپنی خدمات انجام دے سکے ہیں۔جسٹس بارووالیا نے بطوروکیل یکم نومبر1984 سے ہماچل پردیش ہائی کورٹ اور شملہ کی دیگر عدالتوں میں وکالت کی۔ وہ 26 اکتوبر 2005 کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے طور پر تعینات ہوئے۔ وہ 12 اپریل 2016 تک ہماچل پردیش ہائی کورٹ میں رجسٹرار جنرل کے عہدے پر تعینات تھے۔ اس کے بعد انہیں ترقی دے کر ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا۔ وہ 8 جنوری 2018 سے ہائی کورٹ کے مستقل جج کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔اس موقع پر لیڈی گورنر انگھا آرلیکر، جسٹس ایل ایس۔ پانٹا، سپریم کورٹ کے سابق جج اور ریاست کے سابق لوک آیکت، دیگر سابق ججز، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سنجے کنڈو اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران اور دیگر معززین موجود تھے۔

Related Articles